
اسرائیل نے سنگاپور میں اپنے سفارتخانے کے ایک جونیئر سفارتکار کی جانب سے ایک تقریب میں سنگاپور کے قومی پرچم کو میز پوش کے طور پر استعمال کرنے پر معافی مانگی ہے۔
سفارتخانے نے اس ’افسوسناک رویے‘ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عملے کے ارکان کو نظم و ضبط پر سختی سے عمل کرنا چاہیے۔
مقامی میڈیا کے مطابق سنگاپور کی حکومت نے اس واقعے پر اسرائیل کے سفیر کو طلب کیا ہے۔
سنگاپور کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قومی پرچم کا ’غلط استعمال‘ ایک بڑی خلاف ورزی ہے۔
اس تقریب میں جس کی میزبانی مبینہ طور پر سفارتکار کر رہے تھے سنگاپور کے پرچم کی میز پر لی جانے والی تصاویر ایک صارف نے پیر کو انٹرنیٹ پر شائع کی تھیں جن کا کہنا ہے کہ پولیس نے اس واقعے کے خلاف رپورٹ درج کر لی ہے۔
صارف نے اس تقریب کے میزبانی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’ انھوں نے ہمارے ملک اور پرچم کا احترام نہیں کیا۔‘
اسرائیل کے سفارتخانے کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ’ان کے ایک جونیئر اہلکار کا اس قسم کا رویہ انتہائی افسوسناک ہے اور وہ اس پر مخلصانہ معافی مانگتے ہیں۔‘