جمعرات , 19 اکتوبر 2017

مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کی کارروائی، 3 کشمیریوں سمیت 5 ہلاک

سری نگر (مانیٹرنگ ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے آؤنیرا میں بھارتی فورسز کی تازہ کاررائی میں تین حریت پسندوں کے علاوہ 2 بھارتی فوجی بھی ہلاک ہو گئے۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں بھارتی فوجیوں اور انسداد شورش فورسز نے مبینہ مسلح دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سری نگر سے 50 کلومیٹر دور آؤنیرا کے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی۔ بھارتی فوج کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے اے ایف پی کو بتایا کہ شدید فائرنگ کے  نتیجے میں 3 مبینہ دہشت گرد اور دو فوجی اہلکار مارے گئے۔

ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ‘دہشت گردوں’ کی شناخت مقامی افراد کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی قریبی گاؤں کے سیکڑوں افراد نے احتجاج شروع کیا اور فوجیوں پر پتھراؤ کرتے ہوئے بھارتی قبضےکےخلاف نعرے لگائے۔ پولیس کے مطابق دوسرا واقعہ کشمیر کے شمالی علاقے ہاجن میں پیش آیا جہاں فوجی قافلے پر فائرنگ سے دو افسران سمیت تین اہلکار زخمی ہو گئے۔

عہدیداروں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں رواں سال جھڑپوں اور فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں 39 فوجی اور کم ازکم 130 حریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر مظفر برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں آزادی کی تحریک میں تیزی آئی ہے جبکہ فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں بھی بھرپور تیزی لائی گئی۔

رواں ماہ 4 اگست کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کی کارروائی میں دو نوجوان جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ اس سے قبل ضلع پلواما میں بھی 3 کشمیریوں کو شہید کیا گیا تھا۔ بھارتی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ پلواما میں ہونے والی کارروائی میں لشکر طیبہ کے کمانڈر ابو دجانہ کو ہلاک کیا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

نتن یاہو کے بیان پر وزیرخارجہ جواد ظریف کا ردعمل

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے صیہونی حکومت کے وزیراعظم ...