منگل , 22 اگست 2017

کراچی: وین میں آتشزدگی، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کر جاں بحق

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی کے علاقے گارڈن میں وین میں آتشزدگی کے نتیجے میں پکنک پر جانے والے بدنصیب خاندان کے 6 افراد جھلس کر جان بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق وین میں آگ گیس سلینڈر میں لیکیج کے نتیجے میں لگی، لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھائی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بدنصیب خاندان پکنک منانے کے لیے گھر سے ہاکس بے جا رہا تھا کہ وین کے گیس سلینڈر میں لیکیج کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ آتشزدگی کے نتیجے میں ایک خاندان کی دو خواتین اور 3 بچوں سمیت 6 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ دیگر 4 زخمی ہو گئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شاخت سلیم، ان کی اہلیہ نیلو فر اور ان کے دو بچے، شہریار اور دو سالہ عبدالہادی جبکہ سلیم کی بھابی بینش اور بیٹی مہوش کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں محمد علی (بینش کے خاوند اور مہوش کے والد)، مریم، شہروز اور باسط شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق بدنصیب خاندان گارڈن ویسٹ کا رہائشی تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ واقعے کے فوری بعد وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جس کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سینئر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سٹی عقیل حسین چانڈیو کے مطابق حادثے کا مقدمہ وین کے مالک فرحان کے خلاف درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کر لی۔ خیال رہے کہ گاڑیوں میں گیس سلینڈر کی لیکیج کے باعث پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ اسکول وینز کے ڈرائیوز اور گاڑیوں کے مالکان کی غفلت کے باعث سیکڑوں بچے اور دیگر افراد ہر سال اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان کا نئی امریکی پالیسی کا مؤثر سفارتی ردعمل تیار کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے امریکا کی نئی افغان پالیسی کا مؤثر سفارتی ردعمل ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے