پیر , 25 ستمبر 2017

آزادی کپ: ورلڈ الیون کے خلاف پہلا ٹی20 پاکستان کے نام

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے آزادی کپ کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ورلڈ الیون کو 20 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔لاہور میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے آزادی کپ کے پہلے ٹی20 میچ میں ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈیو پلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے دو چوکے لگا کر جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا لیکن اسی اوور میں مورنے مورکل کو وکٹ دے کر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد احمد شہزاد اور بابر اعظم نے 122 رنز کی عمدہ شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔احمد شہزاد 39 رنز بنانے کے بعد بین کٹنگ کی گیند پر ڈیرن سیمی کو وکٹ دے بیٹھے۔بابر اعظم نے 86 رنز کے ساتھ ٹی20 کیریئر کی بہترین اننگز کھیلی اور بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں عمران طاہر کی واحد وکٹ بنے۔

اختتامی اوورز میں شعیب ملک اور عماد وسیم کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹ کے نقصان پر 197 رنز بنائے، شعیب نے 38 اور عماد نے 15 رنز بنائے۔ورلڈ الیون کی جانب سے سری لنکا سے آئے تھسارا پریرا دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے لیکن اس کیلئے انہیں 51 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔

ہاشم آملا نے تمیم اقبال کے ساتھ ورلڈ الیون کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔198رنز کے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور ہاشم آملا نے اپنی ٹیم کو 43 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔تمام باؤلرز کی ناکامی پر سرفراز احمد رومان رئیس کو باؤلنگ کے لیے لے کر آئے جنہوں نے تمیم اقبال کو آؤٹ کر کے کپتان کا انتخاب درست ثابت کیا۔ورلڈ الیون کی ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ ہاشم آملا بھی رومان کو وکٹ دے بیٹھے۔

اس موقع پر ٹم پین اور فاف ڈیو پلیسی نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرائی لیکن ایک ایسے موقع پر جب دونوں کھلاڑی بالکل سیٹ نظر آ رہے تھے، ڈیو پلیسی 29 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے۔ٹم پین سے بھی ساتھی کھلاڑی کی جدائی برداشت نہ ہوئی اور وہ بھی سہیل خان کی گیند پر رومان کو کیچ دے کر پویلین لوٹے۔

ڈیوڈ ملر نے شاداب کو چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کرنے کی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر دوبارہ بڑا شاٹ کھیلے کی کوشش میں اسٹمپ ہو گئے۔گرانٹ ایلیٹ کی اننگز بھی 14 رنز تک محدود رہی اور وہ اننگز میں سہیل خان کی دوسری وکٹ بنے۔اختتامی اوورز میں ڈیرن سیمی کی جارحانہ بیٹنگ کے باوجود ورلڈ الیون مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 177 رنز بان سکی اور یوں پاکستان نے 20 رنز سے فتح اپنے نام کر لی۔پاکستان کی جانب سے شاداب، سہیل اور رومان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

یہ بھی دیکھیں

پی سی بی نے ورلڈ الیون کو ‘مشکل’ میں ڈال دیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ ...

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے