بدھ , 22 نومبر 2017

امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بات چیت جاری ہے:وزیر دفاع

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خرم دستگیر خان کا کہنا ہے کہ امریکا کو ان کی تشویش پر مطمئن کرنا پاکستان کی ذمہ داری نہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ’ہم ثبوتوں کے ساتھ اپنا منطقی نقطہ نظر دینے کے لیے یہاں موجود ہیں، ہم اپنی پوزیشن واضح کریں گے، لیکن یہ ہمارے لیے ضروری نہیں کہ ہم انہیں مطمئن کریں‘۔

خرم دستگیر کے مطابق حکومت اس وقت امریکی تعلقات پر دوبارہ بات چیت کررہی ہے اور اس کے ساتھ خطے کے جاری معاملات کے حوالے سے مستقبل میں امریکا کے ساتھ دو طرفہ ملوث ہونے پر بھی بات چیت جاری ہے۔

آئندہ ہفتے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ شرکت کے بعد وفاقی وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ممکنہ طور پر واشنگٹن کا دورہ کرسکتے ہیں جہاں وہ امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ ریکس ٹیلرسن کے ساتھ ’منتظر ملاقات‘ کریں گے۔

خیال رہے کہ یہ ملاقات رواں سال اگست میں طے تھی لیکن اس ملاقات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی افغان اور جنوبی ایشیا کی پالیسی کے اعلان کے بعد پاکستان کی درخواست پر ملتوی کردیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ ماہ 21 اگست کو نئی افغان پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان سے ڈو مور کا مطالبہ کیا تھا۔امریکی صدر نے پاکستان پر الزام تراشی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم پاکستان کو اربوں ڈالر ادا کرتے ہیں مگر پھر بھی پاکستان نے اُن ہی دہشت گردوں کو پناہ دے رکھی ہے جن کے خلاف ہماری جنگ جاری ہے‘۔

اس حوالے سے وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو ان معاملات پر، جو ان کے لیے تشویش کا باعث ہیں، دوستانہ اور صاف گوئی سے بات چیت کرنی چاہیے، یہ معاملات دونوں ممالک کے درمیان افغانستان اور خطے کے دیگر معاملات کے حوالے سے اختلافات کا باعث ہیں۔

وزیر دفاع نے اس حقیقت پر افسوس کا اظہار کیا کہ امریکا نے پاکستان کے بھارت سے متعلق خطرات کی تشویش کو شیئر نہیں کیا، جو نا صرف کشیدگی میں اضافہ کررہا ہے بلکہ اپنی فوجی صلاحیت بھی بڑھا رہا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ امریکا، بھارت اور افغانستان کے درمیان کابل میں بننے والا اتحاد پاکستان کے لیے خطرناک ہے، ’امریکا سب جانتا ہے، لیکن وہ اپنے اسٹریٹجک مفادات کے باعث ہماری جانب سے نشاندہی کیے جانے والے خطرات کو نظر انداز کررہا ہے‘۔

یہ بھی دیکھیں

نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے روکنے کا ترمیمی بل قومی اسمبلی میں مسترد

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلزپارٹی کی جانب سے نااہل شخص کو پارٹی سربراہی سے روکنے کے ...