بدھ , 13 دسمبر 2017

جو کام ’ایپل‘ نہ کرسکا وہ ’سام سنگ‘ کرے گا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو اسمارٹ فونز کی تیاری میں جنوبی کورین کمپنی سام سنگ نے امریکی کمپنی ایپل کو مات دے دی ہے، تاہم اب تک یہی دو کمپنیاں ایک دوسرے کی سب سے بڑی حریف مانی جاتی ہیں۔ابھی تک اسمارٹ فونز کی تیاری میں سام سنگ پہلے اور ایپل باالترتیب دوسرے نمبر پر موجود ہے، خیال رہے کہ ایک سال قبل ایپل پہلے نمبر پر تھی۔حال ہی میں دونوں کمپنیوں نے اپنے سب سے بہترین ترین موبائل بھی متعارف کرائے ہیں،

تاہم اب خبریں ہیں کہ سام سنگ 2018 میں ’گلیکسی نوٹ 9‘ متعارف کرانے جا رہا ہے۔بزنس انسائیڈر نے تھائی لینڈ کی ٹیکنالوجی سیکیورٹی کمپنی ’کے جی آئی‘ کے تجزیہ نگار منگ چی کوؤ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ سام سنگ 2018 میں متعارف کرائے جانے والے اپنے موبائل ’گلیکسی نوٹ 9‘ میں انڈر ڈسپلے فنگر پرنٹ کا فیچر متعارف کرائے گا۔ایپل نے ناکامی پر آئی فون ایکس میں فیس آئی کا فیچر استعمال کیا،

خیال رہے کہ سام سنگ کے حال ہی میں متعارف کرائے گئے ’گلیکسی نوٹ 8‘ میں بھی فنگر پرنٹ فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے،تاہم گلیکسی ایٹ میں فنگر پرنٹ کا سینسر موبائل کی بیک سائیڈ پر دیا گیا ہے، جب کہ گلیکسی نائن میں اسے ڈسپلے کے ساتھ دیا جائے گا۔اس سے قبل امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنے مضمون میں بتایا تھا کہ ایپل اپنے موبائل آئی فون ایکس میں’انڈر ڈسپلے فنگر پرنٹ‘ کا فیچر دینا چاہتا تھا،

مگر تکنیکی معاملات کو درست انداز میں نہ سمجھ پانے کی وجہ سے ایپل نے اس فیچر کے بجائے فیس آئی ڈی کا فیچر شامل کیا۔مضمون میں بتایا گیا تھا کہ ایپل کے انجنیئر کافی عرصے تک انڈر ڈسپلے فنگر پرنٹ کا فیچر آئی فون ایکس میں شامل کرنے پر کام کرتے رہے، مگر ناکام گئے۔اب خبریں ہیں کہ یہی فیچر سام سنگ اپنے گلیکسی نائن میں بہتر انداز میں پیش کرکے ایپل کے فیس آئی ڈی فیچر سے ٹکر لے گا۔

خبریں ہیں کہ سام سنگ بھی اس فیچر کے لیے تیسری پارٹی کی خدمات حاصل کرے گی،اس حوالے سے سام سنگ نے اپنے ساتھ کام کرنے والی 2 کمپنیوں سمیت ایک نئی کمپنی سے بھی تجاویز طلب کر رکھی ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ اس فیچر کے بعد اسمارٹ موبائل ٹیکنالوجی بائیومیٹرک سسٹم کو استعمال کرنے کی اہل بن جائے گی، جس سے کئی مزید فیچرز بھی اسمارٹ موبائل کا حصہ بن سکتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

شاومی کے ”ریڈمی 5 “ اور ”ریڈمی فائیو پلس “ سمارٹ فون متعارف

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی کمپنی شیاومی نے اپنے دو نئے ‘سستے’ سمارٹ فون ریڈمی 5 ...