منگل , 17 اکتوبر 2017

صدر ٹرمپ کو ایٹمی معاہدے سے نکلنے پر امریکی سینیٹرز کا انتباہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی ریاست ڈیلآور کے سینیٹروں نے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کی بابت صدر ٹرمپ کو خبردار کیا ہے،ہفتے وار میگزین ویکلی اسٹینڈرڈ کے مطابق ریاست ڈیلاور کے دو سینیٹروں کریس کونز اور ٹام کارپر نے ایٹمی معاہدے پر ایران کی عدم پابندی کے بارے میں صدر ٹرمپ کی ممکنہ رپورٹ کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے کہا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے پر ایران کی پابندی کی تائید کریں –

سینیٹرکریس کونز نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے عمل درآمد کے بارے میں صدر ٹرمپ کی منفی رپورٹ کا مطلب یہ ہوگا کہ امریکا ایٹمی معاہدے سے نکل رہا ہے- انہوں نے ٹرمپ کو نصیحت کی کہ وہ فی الحال ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد کی تائید کردیں – ایک اور سینیٹر ٹام کارپر نے بھی اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کی پابندی کی ہے اس لئے ایران کے ساتھ محدود مشارکت بھی امریکا کی قومی سلامتی کے اہم ترین اہدف کو پورا کرسکتی ہے –

واضح رہے کہ امریکی حکومت اس بات کی پابند ہے کہ وہ ہر تین مہینے میں کانگریس کو ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے عمل درآمد کی تائید کرے – ٹرمپ انتظامیہ ایٹمی معاہدے پر شدید ترین حملوں کے باوجود اب تک دوبار ایٹمی معاہدے پر ایران کی جانب سے پابندی کی تائید میں رپورٹ پیش کرچکی ہے – اس درمیان وائٹ ہاؤس میں ایٹمی معاہدے کے بارے میں اختلافات کے شدت اختیارکرجانے کے بعد امریکی سینیٹ میں خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ وہ ایٹمی معاہدے کے حامی ہیں –

وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارا سنڈرز نے ایٹمی معاہدے کے بارے میں ٹرمپ اور باب کروکر کے درمیان لفظی جنگ شدت اختیار کرجانے کے بعد سینیٹ کی خارجہ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ باب کروکر پر الزام لگایا کہ انہوں نے ہی ایٹمی معاہدے کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا –

باب کروکر نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ اپنے غیرذمہ دارانہ اقدامات اور رویّے سے تیسری جنگ عظیم کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ ٹرمپ نے بھی باب کروکر پر الزام لگایا کہ انہوں نے اس معاہدے کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا تھا – وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے بھی کہا کہ کروکر نے اوباما کے دورہ حکومت میں امریکی ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹ لیڈر ننسی پلوسی کے ساتھ مل کر معاہدے کو کامیاب بنایا تھا –

یہ بھی دیکھیں

جاپان نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کی حمایت کا اعلان کردیا

ٹوکیو (مانیٹرنگ ڈیسک) جاپان کے وزیر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ کو ٹیلیفون کرکے کہا ...