منگل , 17 اکتوبر 2017

بازیاب کرایا گیا کینیڈین جوڑا برطانیہ روانہ

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے (فاٹا) کی کرم ایجنسی سے گذشتہ روز پاک فوج کے آپریشن کے دوران بازیاب کرائے جانے والے کینیڈین خاندان کو برطانیہ روانہ کردیا گیا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق کینیڈین خاندان پاکستان ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز 786 سے برطانیہ روانہ ہوا۔

گذشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران تصدیق کی تھی کہ پاک فوج نے پانچ غیر ملکیوں کو بازیاب کرایا ہے جنہیں دہشت گردوں نے براستہ کرم ایجنسی افغانستان سے پاکستان منتقل کیا تھا۔

اس سے قبل آئی ایس پی آر کے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فوج نے 5 غیر ملکی مغویوں کو دہشت گردوں سے بازیاب کرالیا، جن میں ایک کینیڈین، ان کی امریکی نژاد بیوی اور3 بچے شامل ہیں۔اس خاندان کو امریکا کے ساتھ ہونے والی انٹیلی جنس شیئرنگ کے بعد کرم ایجنسی سے بازیاب کرایا گیا۔

واضح رہے کہ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بازیاب کرائے گئے غیر ملکی جوڑے کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی، تاہم یہ خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ وہی جوڑا ہے جس کی ویڈیو 21 دسمبر 2016 کو طالبان کی جانب سے نشر کی گئی تھی۔

مذکورہ ویڈیو میں پہلی مرتبہ کینیڈین شہری جوشوا بوئلے اور امریکی شہری کیٹلان کولمن کے دو بچوں کو دیکھا گیا تھا۔31 سالہ کیٹلان کولمن 2012 میں افغانستان سے واپسی پر حمل سے تھیں جب انھیں ان کے شوہر کے ہمراہ اغوا کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

عراقی فوج کا کرکوک کے وسیع علاقہ پر کنٹرول

بغداد (مانیٹرنگ ڈیسک) عراقی فوج نے عراق کے صوبہ کرکوک کے وسیع علاقہ کا کنٹرول ...