جمعرات , 23 نومبر 2017

فلسطین عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ ہے، ڈاکٹر ولایتی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن اور بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر ولایتی نے فلسطین کو عالم اسلام کا اہم ترین مسئلہ قرار دیا ہے۔

ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن نے مسئلہ فلسطین کو عالم اسلام کا اہم ترین معاملہ قرار دیا اور کہا کہ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس صیہونیوں کے خلاف جدوجہد کی پابند ہے اور تمام تر دباؤ کے باوجود وہ اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھے گی۔

ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن علی اکبر ولایتی نے ہفتے کو تہران میں حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری سے ملاقات میں کہا کہ اسرائیلیوں کے پروپیگنڈوں کے باوجود فلسطینی استقامت کے لئے عالم اسلام کی حمایت کی بدولت فلسطینی گروہ طاقتور اور صیہونی کمزور ہو گئے ہیں-

تشخیص مصلحت نظام کونسل کے رکن نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی موجودہ حکومت کی اہم ترین کوشش صیہونیوں کی پوزیشن کو مضبوط بنانا ہے،انہوں نے کہا کہ حتمی کامیابی فلسطینیوں اور فلسطینی مجاہدین کی ہے-

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے علاقے کے بعض ملکوں کو تقسیم کرنے پر مبنی امریکی اقدامات کو اسرائیل کے نفع میں قرار دیا اور کہا کہ جب امریکا کو اس منصوبے میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ صیہونی حکومت کو بھی براہ راست اور بالواسطہ طور پر شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے-

حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ ایران فلسطینی استقامتی تحریک کا سب سے بڑا حامی ہے-

انہوں نے کہا کہ حماس کا سیاسی اور آپریشنل موقف واضح ہے اور ملت فلسطین کے دفاع میں وہ کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی-حماس کے رہنما نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت، غاصبوں کے خلاف جدوجہد اور استقامت کا راستہ جاری رکھے گی-

واضح رہے کہ حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ صالح العاروری، حماس کے عہدیداروں کے ایک وفد کے ہمراہ تہران کے دورے پر ہیں-

یہ بھی دیکھیں

جنگ سے تباہ غزہ کی تعمیر میں مدد جاری رکھیں گے: قطر

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) قطر نے سعودی عرب کی طرف سے اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی ...