امور اسلامیہ اور چیرٹی آفیئرز دبئی سرکل کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد عبدالعزیز الحداد نے کہا ہے کہ وائی فائی کا بغیر اجازت استعمال دیگر چوریوں کی طرح حرام ہے۔
متحدہ عرب امارات سے عربی زبان میں شائع ہونے والے معاصر روزنامہ البیان نے اپنی حالیہ اشاعت میں ڈاکٹرالحداد کا فتوی شائع کیا ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ بغیر اجازت وائی فائی کا استعمال ایک گناہ ہے کیونکہ اس کی چوری کے مالک پر منفی اثرات بھی مرتب ہو سکتے ہیں، نیز بغیر اجازت وائی فائی کا استعمال انٹرنیٹ سروس پروائیڈر کے حقوق ملکیت پر بھی نقب لگانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ دوسروں کے وائی فائی سے انٹر نیٹ استعمال کرنے سےاجتناب کریں، ڈاکٹر الحداد نے کہا کہ کسی کی بغیر اجازت وائی فائی کنکشن کا استعمال چور کو سیکیورٹی سے متعلق امور میں پھنسوا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وائی فائی کنکشن کے مالک کو حق حاصل ہے کہ وہ متعلقہ حکام کو ‘چور’ کے خلاف کارروائی کی درخواست دے سکے تاکہ وہ اپنی ملکیت پر بغیر اجازت دوسروں کے تصرف کو رکوا سکے۔ سماء