اتوار , 19 اگست 2018

سوات میں دو مطلوب دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سیکیورٹی فورسز نے سوات کے علاقے جہان آباد میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے دو ‘مطلوب دہشت گردوں’ کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق دونوں مطلوب ملزمان میں اسد عرف انس اور وہاب کی مالاکنڈ ڈویژن میں دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے سلسلے میں تلاش جاری تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کو ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے مصدقہ اطلاعات تھی کہ دونوں دہشت گرد افغانستان سے تخریب کاری کے لیے سوات میں داخل ہوگئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘موثر سیکیورٹی کے نتیجے میں دونوں ملزمان کو جہان آباد میں ایک پناہ گاہ میں ڈھونڈ نکال لیا گیا اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں دونوں دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا’۔

یاد رہے کہ سوات میں اکتوبر میں ایک ریمورٹ کنٹرول دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ دھماکے کا نشانہ مالم جبہ کے گاؤں گھٹ کی دفاعی کمیٹی کے رکن احمد زیب کا خاندان تھا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں احمد زیب کے والد جاں بحق اور دیگر دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

امید ہے عمران خان کے دور میں پاک ترک تعلقات مزید بہتر ہوں گے، ترک صدر

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترک صدر رجب طیب نے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان کے ...