بدھ , 13 دسمبر 2017

مقبوضہ کشمیر: بھارتی مظالم کی نئی مہم

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام کو کشمیر کا تورہ پورا قرار دیتے ہوئے علاقے میں نئی فوجی مہم کا اعلان کیا ہے اور اس علاقے کو مجاہدین سے خالی کرانے کیلئے کمانڈوز کا خصوصی دستہ تعینات کردیا ہے۔ غاصب فوج کے مطابق غاروں اور طویل سرنگوں کی سرزمین پکھر پورہ میں مجاہدین کی بڑی تعداد رہائش پذیر ہے۔ دریں اثناء امریکی سکالر ڈاکٹر کیون برٹ نے ایک تجزیہ میں بتایا ہے کہ ممبئی حملہ ڈرامہ اور تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کی کوشش تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی قرار دیتا ہے۔
یہ مہم بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا ہوگی، جنہیں افغانستان پر امریکی اور نیٹو افواج کی کارپیٹڈ بمباری یاد ہے‘ انہیں یہ اندازہ کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہوگی کہ یہ کس درجہ کی وحشت و بربریت تھی جس کا اب بھارت بھی ارتکاب کرنے جا رہا ہے۔ القاعدہ کے مجاہدین اور طالبان کی تلاش میں کی جانیوالی امریکی وحشیانہ بمباری سے تورا بورہ کے پہاڑ دھول بنا دیئے گئے۔ اس پورے علاقے میں کوئی انسان‘ چرند یا پرند تک زندہ نہ بچا۔ رہائشی بستیاں ملیا میٹ ہوگئیں لیکن امریکہ اور اسکے اتحادیوں کے ہاتھ کچھ نہ آیا۔
افغانستان میں مزاحمتی تحریک بدستور جاری ہے۔ اب بھارت نے بھی امریکہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت مانگنے کی سزا دینے کیلئے ’’تورا پورا‘‘ برانڈ مظالم شروع کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے اس میں بھی وہ ناکام رہے گا۔ آزادی کی لگن کو اس قسم کے مظالم‘ مزید ہوا دیتے ہیں۔ بھارت نے گزشتہ ستر سال کے دوران کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلنے کا ہر حربہ اختیار کر دیکھا ہے‘ ان میں ظلم وستم، پکڑ دھکڑ‘ قیدوبند‘ دہشت گردی کے الزامات‘ جھوٹا پراپیگنڈہ اور امریکی سکالر ڈاکٹر کیون برٹ کی تحقیقات کے مطابق ممبئی حملے ایسے ڈرامے بھی شامل ہیں لیکن وہ ابھی تک حریت پسندوں کی آواز دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ اس مسئلے کو، جس نے برصغیر کے امن کو دائر پر لگا رکھا ہے، حل کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ کشمیریوں کو اپنی قسمت کا خود فیصلہ کرنے کا حق دے دیاجائے جس کا بھارت نے اقوام متحدہ کے سامنے وعدہ بھی کر رکھا ہے۔ اگر بھارت یہ سمجھتا ہے کہ وہ مظالم کی آخری ڈگری استعمال کرکے کشمیریوں کو غلامی پر مجبور کر لے گا تو پہلے کی طرح اس کی یہ بھول بھی دور ہو جائیگی۔(بشکریہ نوائے وقت)

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب: سینما کی واپسی کا سفر

سعودی عرب میں سینما ہالز پر پابندی ختم کرنے کا اعلان (ویڈیو پیکج) سعودی عرب ...