بدھ , 13 دسمبر 2017

امارات سے علیحدگی پردبئی کا غور شروع

تسنیم خیالی
بین الاقوامی بیرسٹر اور یورپی انسٹیٹوٹ فار پولیٹیکل سائنس کے سربراہ محمود رفعت نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی سات ریاستوں پر مشتمل اماراتی اتحاد سے علیحدگی پر غور کررہی ہے اور اس ضمن میں دبئی یورپی یونین کے ساتھ رابطے میں ہے ،رفعت کے مطابق دبئی کی اس غیر متوقع غور و فکر کی وجہ اماراتی ولی عہد محمد بن زاید آل نہیان کی غنڈہ گردی اور بدمعاشی پر مبنی خارجہ پالیسیاں ہیں۔

ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے رفعت کا کہنا تھا کہ دبئی کئی ماہ سے بڑے پیمانے پر یورپ کے ساتھ مالی تحویلات اور سیاسی رابطے کر رہا ہے جن سے یوں لگتا ہے کہ وہ امارات کے اتحاد سے علیحدگی اختیار کرنے جارہا ہے اور اس علیحدگی کے بعد دبئی اپنی اقتصادی حیثیت کو برقرار رکھنے کیلئے امریکہ نہیں بلکہ یورپ پر انحصار کرے گا۔
ماہرین کے نزدیک محمد بن زاید اور ریاست ابوظہبی کی پالیسیوں نے دبئی کی ساکھ بری طرح متاثر کر دی ہے جس کی وجہ سے دبئی کی اقتصادی حیثیت پر بھی خطرے منڈلا رہے ہیں۔
دبئی بنیادی طور پر اپنے اقتصاد میں تیل اور گیس پر انحصار نہیں کرتا اور یہ دونوں دبئی کے اقتصاد کا صرف 6 فیصد حصہ بنتے ہیں جس کے مقابل میں سیاحت،تجارت اور امپورٹ ایکسپورٹ وغیرہ دبئی کی اصل آمدنی کا ذریعہ ہے ،جس کا مطلب یہ ہے کہ دبئی اگر امارات کے اتحاد سے علیحدہ ہوجاتا ہے تو اس کے اقتصاد پر منفی اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔
محمد بن زاید نے مشرق وسطیٰ میں قائم غیر مستحکم صورت حال میں مرکزی کردار نبھایا ہے ،یمن جنگ ہو یا پھر شام کی تباہی،مصر میں پھیلی بدامنی ہو یا قطر کا بائیکاٹ ان سبھی معاملات میں بن زاید کسی نہ کسی طرح ملوث ہیں۔جس کی وجہ سے دبئی سمیت متحدہ عرب امارات کی تمام ریاستیں بدنام ہورہی ہیں،محمد بن زاید کی دیگر ممالک کے معاملات میں دخل اندازی ،انہیں تقسیم کرنے کی کوشش اور تمام علاقے میں عدم استحکام اور نفرت پھیلانے کا اثر اب خود امارات پر پڑنا شروع ہوچکا ہے ۔جس کی ابتدا دبئی کی علیحدگی سے شروع ہوسکتی ہے اور اگر دبئی علیحدہ ہوگیا تو آگے دیکھیے کہ کون کون علیحدہ ہوتا ہے۔
شارجہ،عجمان،ام القوین،وغیرہ وغیرہ ،جس آگ سے بن زاید کھیل رہے تھے وہ آگ اب متحدہ عرب امارات کی ریاستوں کے چالیس سال سے بھی زائد عرصے سے قائم اتحاد کو اپنی لپیٹ میں لینے لگی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

سعودی عرب: سینما کی واپسی کا سفر

سعودی عرب میں سینما ہالز پر پابندی ختم کرنے کا اعلان (ویڈیو پیکج) سعودی عرب ...