بدھ , 17 اکتوبر 2018

آفریدی کی آل راؤنڈر کارکردگی، مین آف دی میچ ایوارڈ لے اڑے

ڈھاکا (مانیٹرنگ ڈیسک) شاہد آفریدی کی عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت ڈھاکا ڈائنامائٹس نے کومیلا وکٹورینز کو کوالیفائر ون میچ میں باآسانی 95 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔جمعے کو کھیلے گئے کوالیفائر ون میچ میں ڈھاکا ڈائنامائٹس نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔میزبان ٹیم کی جانب سے ایون لوئس نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 47، شاہد آفریدی نے 19 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 30 اور کیرون پولارڈ نے 18 گیندوں پر 3،

چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 191 رنز کے مجموعے تک رسائی دلائی۔حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوین براوو دو وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔جواب میں کومیلا وکٹورینز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 96 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔کومیلا کی اننگز کا آغاز ہی مایوس کن رہا جہاں مصدق حسین اور شکیب الحسن نے پہلے دو اوورز میں لٹن داس اور جوز بٹلر کو آؤٹ کر کے حریف ٹیم کی بیٹنگ لائن،

اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کومیلا کی ٹیم نہ سنبھل سکی۔تمیم اقبال 31، حسن علی 18 اور مہدی حسن 15 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 8 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے سے بھی محروم رہے۔شاہد آفریدی نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شکیب اور مصدق نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر شاہد آفریدی کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

پی ایس ایل: کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل لاہور سے اسلام آباد منتقل

اسلام آباد (مانیترنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2019 کے لیے تمام 6 ...