پیر , 23 اپریل 2018

ہمیشہ فٹ رہنے کا آسان نسخہ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) عمر میں اضافے کے ساتھ جسمانی طور پر فٹ اور صحت مند رہنا مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جاتا ہے مگر ایک آسان عادت اپنا کر خود کو ہمیشہ فٹ رکھنا بہت آسان ہے۔کنگز کالج لندن کی تحقیق کے مطابق رات کو لمبی اور میٹھی نیند میٹھی غذاﺅں کے استعمال میں کمی لانے کے ساتھ صحت بخش غذا کے استعمال میں مدد دیتی ہے۔تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند وہ عنصر ہے جو کہ موٹاپے، دل کی صحت، میٹابولک امراض سمیت دیگر خطرات میں اہم کردار ادا کرتا ہے، خصوصاً عمر بڑھنے کے ساتھ لاحق ہونے والی بیماریوں سے بچانے کے لیے۔تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ نیند کے اوقات میں,

اضافہ جسمانی طور پر فٹ رہنے میں مدد دینے والا سب سے آسان طریقہ ہے۔تحقیق کے مطابق مناسب نیند صحت کے لیے نقصان دہ غذاﺅں کے لیے خواہش میں کمی لاتی ہے اور اس طرح جسمانی طور پر فٹ رہنا آسان ہوجاتا ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ زیادہ سونا چینی سے دور رکھنے میں مدد دیتا ہے، جس کا مطلب ہے کہ لوگ باہر کی غذاﺅں کی بجائے گھر کے پکوانوں کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ قدرتی مٹھاس جیسے شہد وغیرہ کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، طرز زندگی میں یہ تبدیلی لوگوں کو صحت مند زندگی گزارنےمیں مدد دیتی ہے۔

اس تحقیق کے دوران 21 رضاکاروں کو عام معمول سے 45 منٹ سے ڈیڑھگھنٹہ زیادہ سونے کا موقع ایک ہفتے تک دیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ نیند کے دورانیے میں اضافے سے یہ افراد صحت کے لیے فائدہ مند غذاﺅں کو میٹھیاشیاءکے مقابلے میں زیادہ ترجیح دینے لگے۔محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ سونے کا وقت ایک گھنٹہ یا اس سے زائد بڑھانا ہمیشہ فٹ رہنے میں مدد دیتا ہے جبکہ کم نیند اور ناقص غذا کے استعمال کے درمیان تعلق کا بھی اندازہ ہوتا ہے۔اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہوئے۔

یہ بھی دیکھیں

جسمانی طور پر فٹ افراد کی یہ علامات آپ میں ہیں؟

اچھی صحت کے لیے جسمانی فٹنس ضروری ہوتی ہے مگر آپ کس حد تک فٹ ...