جمعہ , 20 جولائی 2018

بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی پر فائرنگ پر احتجاج

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کوٹ کوٹیرا سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلا اشتعال سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج کرتے ہوئے فائرنگ کی مذمت کی گئی۔
جمعرات کو کوٹ کوٹیرا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اسشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پیر خانہ گاؤں کی 65 سالہ رہائشی حسین بی بی زوجہ حاجی فرزند شہید ہوگئی تھیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ڈائریکٹر جنرل (جنوبی ایشیاء و سارک) ڈاکٹر فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ضبط و تحمل کے مطالبے کے باوجود بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہے، بھارت نے صرف گزشتہ 12 دنوں میں کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر 70 سے زائد جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کیں، جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ شہری شہید اور زخمی ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ بیگناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ایک گھناؤنا، انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے، بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ معاہدے کی پاسداری کرے اور اپنی فورسز کو سیز فائر معاہدے کی پاسداری کا پابند بنائے۔ سماء / اے پی پی

یہ بھی دیکھیں

اسلام آباد میں ہفتہ وار بازار میں آگ لگنے سے سیکڑوں دکانیں خاکستر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پشاور موڑ کے قریب واقع ہفتہ وار بازار میں آگ لگنے سے ...