جمعرات , 13 دسمبر 2018

ٹرمپ کو لندن کے شہریوں کا پیغام

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)میئر لندن صادق خان نے امریکی صدر کے دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ نے بڑے پیمانے پر مظاہروں کے خوف سے دورہ ملتوی کیا۔
تفصیلات کے مطابق لندن کے میئر صادق خان نے امریکی صدر کی جانب سے برطانیہ کا دورہ منسوخ کیے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو لندن کے شہریوں کا پیغام مل چکا ہے کہ برطانوی شہری ٹرمپ کے فیصلوں کو اپنے شہر کی اقدار کے خلاف سمجھتے ہیں۔
صادق خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن میں بڑے پیمانے پرمظاہروں کا خوف ہے اس لیے انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کیا، جب کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کے یہاں پہنچتے ہی بڑی تعداد میں مظاہرین باہر نکلتے۔
انہوں نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے امریکی صدر کو دورے کی دعوت دینا بڑی غلطی قرار دیا۔اس سے قبل برطانیہ کی لیبرپارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اگر امریکی صدر نے برطانیہ کا دورہ کیا تو ان کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ٹوئٹ کے ذریعے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے نئے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے برطانیہ نہیں جاسکتے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ میں بڑے پیمانے پراحتجاج کے خدشے سمیت اپنا استقبال اچھی طرح نہ کیے جانے کے ڈرسے دورہ برطانیہ منسوخ کردیا ہے۔ اس دورے کے دوران ٹرمپ کی برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے ملاقات بھی شیڈول تھی۔
دورہ منسوخ ہونے کے بعد امریکی صدر اگلے ماہ 75 کروڑ پاؤنڈز کی لاگت سے لندن میں تعمیر ہونے والے نئے امریکی سفارت خانے کا افتتاح نہیں کریں گے اور ان کی جگہ اب وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن برطانیہ جائیں گے۔
اس سے قبل بھی امریکی صدرکے متنازعہ فیصلوں کے بعد ان کا دورہ برطانیہ روکنے کے لیے ایک آن لائن درخواست پر10 لاکھ سے زائد برطانوی شہریوں نے دستخط کیے تھے جب کہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ کو برطانیہ آنے کی اجازت ہے لیکن ان کے سرکاری دورے سے ملکہ برطانیہ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یہ بھی دیکھیں

امریکہ: وائٹ ہاؤس نے سی آئی اے کے سربراہ کو جواب دینے سے روک دیا

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)وائٹ ہاؤس نے سی آئی اے کے سربراہ کو مخالف صحافی جمال خاشقجی ...