پیر , 22 جنوری 2018

ٹرمپ کے ساتھ تعلقات: ’پورن سٹار کو خاموشی کے لیے ایک لاکھ ڈالر دیے گئے‘

امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل نے ایک سابق پورن سٹار کو ٹرمپ کے ساتھ مبینہ جنسی تعلق کے بارے میں خاموش رہنے کے لیے ایک لاکھ ڈالر دیے۔امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رقم کی ادائیگی صدارتی انتخاب سے ایک ماہ قبل ادا کی گئی۔ یہ وہ وقت تھا جب ڈونلڈ ٹرمپ پر خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کے حوالے سے ان پر تنقید کی جا رہی تھی اور وہ ان الزامات کی تردید کر رہے تھے۔امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل مائیکل کوہن نے یہ رقم پورن سٹار سٹیفنی کلفرڈ، جن کا فلمی نام سٹورمی ڈینیئلز ہے، کو اس وقت دی تھی جب وہ اس مبینہ ملاقات کو منظر عام پر لانے والی تھیں۔
ایک اور امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ کوہن نے اس ملاقات کی تردید کی ہے تاہم انھوں نے رقم کی ادائیگی کا ذکر نہیں کیا۔
دوسری جانب پورن سٹار سٹیفنی نے بھی خاموش رہنے کے لیے رقم ملنے کی تردید کی ہے۔
میڈیا کے مطابق یہ مبینہ ملاقات اس وقت ہوئی تھی جب ٹرمپ کی اپنی تیسری بیوی ملانیا سے شادی ہوئے ایک سال ہو گیا تھا اور وہ حاملہ تھیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق یہ رقم سٹیفنی کو اس وقت دی گئی جب وہ اکتوبر 2016 میں اے بی سی ٹی وی چینل کے پروگرام ’گُڈ مارننگ امریکہ‘ اور آن لائن رسالے ’سلیٹ‘ کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں بتانے کے حوالے سے بات چیت کر رہی تھیں۔
’سلیٹ گروپ‘ کے ایڈیٹر ان چیف جیکب ویزبرگ نے جمعہ کو کہا کہ اگست اور اکتوبر 2016 میں سٹیفنی کے ساتھ کئی انٹرویوز کیے جن میں انھوں نے بتایا کہ ان کی ٹرمپ کے ساتھ پہلی بار ملاقات سلیبرٹی گولف ٹورنامنٹ میں ہوئی تھی۔ اس ملاقات کے بعد ان کی ٹرمپ کے ساتھ افیئر بھی چلا۔
سٹیفنی جیکب کا کہنا ہے کہ ان انٹرویوز میں سٹیفنی نے کہا کہ مائیکل کوہن نے ان کو ایک لاکھ تیس ہزار ڈالر دینے کی پیشکش کی اگر وہ اس افیئر کے بارے میں بات نہ کریں۔
جیکب نے مزید بتایا کہ سٹیفنی نے کئی انٹرویوز کے بعد رابطہ ایک دم سے منقطع کر دیا۔دوسری جانب اے بی سی ٹی وی نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ مارننگ شو کے لیے سٹیفنی سے بات چیت چل رہی تھی لیکن سٹیفنی نے رابطہ منقطع کر دیا۔
تاہم مائیکل کوہن نے ایک بیان میں اس خبر کی تردید کی ہے۔ انھوں نے 10 جنوری کی تاریخ کا ایک بیان جاری کیا ہے جس پر سٹیفنی کے دستخط ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات صرف چند پارٹیوں کی حد تک تھی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کے ساتھ افیئر کے حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے ’یہ پرانی خبریں ہیں جو پہلے شائع ہو چکی ہیں اور جن کی انتخاب سے قبل تردید کی جا چکی ہے۔‘(بشکریہ بی بی سی)

یہ بھی دیکھیں

شتر بے مہار امریکی خفیہ ادارے

(کالم نگار | ناصر رضا کاظمی) دنیا بھر کے امن کواگرکسی عالمی خفیہ ایجنسی سے ...