جمعرات , 19 جولائی 2018

آرمی چیف کا امریکی حکام کو دوٹوک جواب

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکاکوامدادبحال کرنے کانہیں کہے گا،اپنے وسائل سے اپنی سرزمین کادفاع کرے گا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹرجنرل میجر جنرل آصف غفور کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل جوزف اور ایک امریکی سینیٹر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے سیکورٹی امداد سے متعلق امریکی فیصلے سے آگاہ کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان کے حوالے سے بلا سوچے سمجھے ٹویٹ نے پاکستان کو امریکہ کے حوالے سے اپنی پالیسی میں تبدیلی لانے اور خود انحصاری کا جو موقع فراہم کیا ہے یہ انمول ہے جس کا پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے فائدہ اٹھا کر پاکستان پر امریکی اثرات میں کمی لانے کی کامیاب کوشش کر رہے ہیں جس پر امریکی حکام کو فکر مندی لاحق ہونا فطری امر ہے۔ پاک فوج کے سربراہ سے امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ کا رابطہ اور آرمی چیف کا ان کو دوٹوک جواب محولہ ماحول کے علاوہ ممکن نہ تھا اگرچہ پاکستان کے اندر کوئی امریکی کارروائی کی کوشش حماقت ہی ٹھہرتی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنیت اور سوچ کو دیکھتے ہوئے کسی ممکنہ خطرے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا جس کے رد کے لئے پاک فضائیہ کو پوری طرح تیاری کی حالت میں لایاگیا۔ امریکی جنرل کی یقین دہانی اور وضاحت اپنی جگہ ہمارے تئیں دشمن سے ہوشیار رہنے ہی میں عافیت پوشیدہ ہے اور قوم کو بجا طور پر پاک فوج پر اعتماد ہے کہ وہ اس سے ذرا بھی غافل نہیں۔ پاکستان میں مبینہ طور پر دہشت گردوں کے حوالے سے پاکستانی موقف کسی سے پوشیدہ نہیں ۔ پاک فوج کے سربراہ کا افغان مہاجرین اور افغانستان کے معاملات کے حوالے سے بھی امریکی حکام پر صورتحال واضح کردینا قومی امنگوں کی ترجمانی ہے۔ اگر دیکھا جائے تو پاک فوج اور حکومت دونوں اپنی اپنی سطح پر اور مشترکہ طور پر بھی دبائو میں آنے کا وقت گزار چکے ہیں ۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس دبائو سے نکلتے ہوئے اپنی ترجیحات کا اپنے قومی مفادات کے ساتھ تعین کرنے کے زریں موقع کو سمجھا جائے اور امریکہ سے تعلقات کو برابری کی سطح پر لانے اور باہمی احترام اور مفادات کا خیال رکھتے ہوئے معاملت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

یہ بھی دیکھیں

اقوام متحدہ کی کشمیر رپورٹ، بھارتی اعتراض مسترد

(عارف بہار) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل مسٹر انٹونیو گوئٹرس نے کشمیر میں انسانی حقوق ...