جمعرات , 22 فروری 2018

بن سلمان برطانیہ کے دورے پر کیوں جارہے ہیں؟

(تسنیم خیالی)
عنقریب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان برطانیہ کے اہم دورے پر روانہ ہو رہے ہیں،البتہ انسانی حقوق کی متعدد تنظیمیں برطانوی خاتون وزیراعظم تھریسامے سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ وہ بن سلمان کو دورہ کرنے سے منع کردیں،کیونکہ بن سلمان یمن میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہے اور یمن میں جاری جنگ کو بند نہیں کر رہے ہیں ،یہی نہیں بلکہ ان تنظیموں کے نزدیک سعودی حکومت اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ بھی انتہائی برے طریقے سے پیش آتی رہی ہے جو کہ انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

علاوہ ازیں انسانی حقوق کی تنظیموں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یمن پر سعودی جارحیت جاری رہنے کی وجہ بھی امریکہ،برطانیہ اور فرانس ہیں،کیونکہ یہ ممالک اس جارحیت کی حمایت اور سرپرستی کررہے ہیں ،یہ ممالک سعودی عرب کو اس جارحیت کیلئے ہتھیار فروخت کررہے ہیں جو کہ جارحیت جاری رہنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

سعودی عرب کو برطانوی ہتھیاروں کی فروخت میں اضافہ

2015ء میں جب یمن پر جارحیت شروع ہوئی تھی تو اسی سال 25 مارچ کو برطانیہ نے سعودی عرب کو 3.7برطانوی پاؤنڈ کے ہتھیار فروخت کیے تھے،اس حوالے سے بعض رپورٹس کا کہنا ہے کہ 2015 سے سعودی عرب کیلئے برطانوی ہتھیاروں کی فروخت میں پانچ گنا اضافہ ہوا ہے۔

بعض تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا یورپی یونین سے نکل جانے کے بعد اب برطانیہ کو موقع ملا ہے کہ وہ کھل کر سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرے،کیونکہ یورپی یونین کے بیشتر اراکین سعودی عرب کو ہتھیار فروخت کرنے کے مخالف ہیں۔

یہاں یہ بات بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ جب برطانیہ کا یورپی یونین سے نکلنے کا عمل شروع ہوا تو اس وقت تھریسامے نے چند ممالک کا دورہ کیا تھا جن میں سعودی عرب بھی شامل ہے۔

بن سلمان کے دورہ برطانیہ کے پیچھے مقاصد

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ برطانیہ کے پیچھے متعدد مقاصد ہیں جن میں سے کچھ درج ذیل ہیں۔

1۔یمن جنگ اور دنیا بھر میں دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کرنے کی وجہ سے سعودی عرب کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے ،اسی متاثرہ ساکھ کوبحال کرنا بھی بن سلمان کے دورہ برطانیہ کے مقاصد میں شامل ہے۔

2۔دورہ برطانیہ سے بن سلمان اپنے والد شاہ سلمان کے بعد سعودی فرمانروا بننے کیلئے حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

3۔بن سلمان دورہ برطانیہ کے ذریعے اپنے حوالے سے قائم تصور کو درست کرنا چاہتے ہیں،اس وقت بن سلمان کو اندرونی طور پر کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن کی وجہ سے بن سلمان کو مغرب میں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے،مثال کے طور پر مضبوط ہوتا ہوا اقتصادی بحران اور سعودی اپوزیشن کے خلاف اقدامات ان چیلنجز میں شامل ہے۔

4۔ متعدد تجزیہ نگاروں کا ماننا ہے کہ بن سلمان برطانیہ کے دورے سے کسی بھی ممکنہ خاندانی بغاوت کے خلاف اپنے لیے حمایت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان تمام وجوہات کے علاوہ اور بھی اہم وجوہات ہیں مگر سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ بن سلمان برطانیہ سے مزید ہتھیار خریدنا چاہتے ہیں تاکہ یمن پر مزید حملے کر سکے اور دوسری جانب ایران کے مقابلے میں مزید ہتھیار حاصل کر سکیں۔توقع یہی ہے کہ بن سلمان کا دورہ برطانیہ کامیاب رہے گا اور وہ اپنے بیشتر مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا اور ضروری نہیں کہ اس کامیابی کا باقاعدہ اعلان کیا جائے۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل کی سنہرے بالوں والی خاتون

(تسنیم خیالی) موجودہ دور میں امریکہ اور اسرائیل کی سیاست میں خواتین کافی حد تک ...