پیر , 28 مئی 2018

فواد کی شاندار کارکردگی، کراچی وائٹس ریجنل ون ڈے کپ کی چیمپیئن

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) فواد عالم کی شاندار فتح گر اننگز کی بدولت کراچی وائٹس نے ریجنل ون ڈے کپ کے فائنل میں اسلام آباد کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔راولپنڈی میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں اسلام آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جسے بلے بازوں نے درست ثابت کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر 348 رنز کا مجموعہ سجایا۔بابر اعظم نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 105 رنز بنائے جبکہ شاہد یوسف نے 74 گیندوں پر 96 اور شان مسعود نے 51 رنز بنائے۔ہدف کے تعاقب میں کراچی وائٹس کی ٹیم جلد ہی،

اوپنرز خرم منظور اور اسد شفیق سے محروم ہو گئی جس کے بعد فواد عالم اور اکبر الرحمان نے تیسری وکٹ کیلئے 96 رنز جوڑ کر ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن کراچی وائٹس کی ٹیم کو اس وقت دھچکا لگا جب 41 رنز بنانے والے اکبر کے بعد فیصل اقبال بھی صرف چار رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔149 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد فواد کا ساتھ دینے دانش عزیز آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 192 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

فواد عالم ہدف تک رسائی سے چند رنز قبل 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹے لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے باوجود کراچی وائٹس نے تین گیند قبل ہی ہدف حاصل کر کے ریجنل ون ڈے کپ کا چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، دانش عزیز نے 65 گیندوں پر چھ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 86 رنز کی اننگز کھیلی۔فواد عالم کو شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

اظہر علی فارم میں آگئے ، پریکٹس میچ میں73 رنز بناڈالے

لیسٹر (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ٹیم کے اوپنر بلے باز اظہر علی کی سوئی فارم بھی ...