اتوار , 21 اکتوبر 2018

فرانس، القاعدہ کے اہم رکن کیخلاف مقدمے کا آغاز

پیرس (مانیٹرنگ ڈیسک) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں الجزائری نژاد فرانسیسی شہری نامین پر پیر کے روز مقدمے کا آغاز کردیا گیا، ملزم پر الزام ہے کہ وہ القاعدہ کا اہم رکن ہے اور اسے یورپ پر حملوں کا ٹاسک دیا گیا تھا، انہیں 2012 میں پاکستان میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم ان پر مقدمے کا آغاز ابھی کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس حکام کا خیال ہے کہ ملزم القاعدہ کے ’’ہیمبرگ سیل‘‘ سے منسلک رہا جس نے امریکا میں نائن الیون حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ان پر الزام ہے کہ وہ پہلی مرتبہ 1990 کی دہائی کے آغاز میں افغانستان گیا اور اس کے بعد اسے اسامہ بن لادن کے قربی ساتھی یونس الموریطانی نے یورپ پر حملوں کی تیاری کے لئے مختص سیل کا انچارج مقرر کیا تھا۔ تاہم مارچ 2009 میں ان کے دوسرے دورے کے بعد ان کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا گیا۔ 47 سالہ ملزم نے جج کے سامنے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ افغانستان میں اپنی فیملی کے لئے گھر کی تلاش کیلئے گیا تھا۔ اس کا کہنا تھا کہ اسے القاعدہ میں شمولیت کے لئے مجبور کیا گیا اور یہی واحد موقع تھا کہ وہ جرمنی میں اپنے گھر واپس پہنچ سکتا تھا جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ گذارا۔ انہوں نے کہا کہ میں مجھے نہیں معلوم تھا کہ اس میں کئی مہینے لگ جائیں گے۔ تاہم پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ملزم کا ہیمبرگ کی القدس مسجد میں آنا جانا لگا رہتا تھا جہاں نائن الیون حملوں کے کئی ملزمان بشمول جہاز ہائی جیک کرنے والے محمد عطا بھی جایا کرتے تھے۔ ان حملوں کے بعد ملزم نے مسجد کے سلافی رہنما محمد فیضاضیسے شادی کرلی تھی جنھیں بعد ازاں 2003 میں خودکش بم دھماکوں کے الزام میں عمر قید کی سزا سنادی گئی تھی۔ فرانسیسی انٹیلی جنس افسر نے عدالت کو بتایا کہ امام مسجد کی بیٹی سے شادی کے بعد ملزم کیلئے القاعدہ کی اعلیٰ قیادت میں جگہ بنانے کی راہ ہموار ہوگئی تھی۔ فرانسیسی افسر نے بتایا کہ ملزم کی چند اہم ذمہ دارایاں تھیں تاہم تفتیش کے دوران یہ بات سامنے نہ آسکا کہ انہیں کیا ذمہ داری سونپی گئی تھی۔ ملزم کو پاکستان میں ان کے دیگر تین مشتبہ جہادی ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ان تمام کو فرانس ڈی پورٹ کردیا گیا تھا۔ ان تمام ملزمان پر دہشتگردی کے الزامات میں مقدمہ چلایا گیا تھا جس کے بعد انہیں 5 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

ملائشیا: احمد زاہد حامدی فلاحی ادارے کے فنڈز میں خرد برد کرنے کے الزامات میں گرفتار

کوالالمپور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائشیا کے احتساب کمیشن نے سابق نائب وزیراعظم احمد زاہد حامدی کو ...