ہفتہ , 15 دسمبر 2018

میاں صاحب سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں، بلاول بھٹو

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں ہوسکتے۔کوٹلی ستیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں میاں صاحب رضا ربانی کو لڑائی کے لئے ڈھال بنا کر اپنی ناکامی سے چھپنا چاہتے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چابی والے کھلونے کا نواز شریف سے زیادہ کسے پتا ہے جن کی سیاست اسی چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی، مسئلہ یہ ہے کہ چابی کھلونے کے اندر ٹوٹ گئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات سے دل ٹوٹ گیا ہے، جب یہ ہار جاتے ہیں تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے اور اب کہا جارہا ہے کہ چابی والے کھلونے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ جو تین بار وزیراعظم ہاوٴس میں رہ کر ووٹ کا تقدس نہ کر سکا وہ آج کیا کرے گا، پارلیمان کی بالا دستی اور ووٹ کی حرمت آپ کو پاناما کے بعد کیوں یاد آرہی ہے اور ضیاء الحق کی چھتری تلے آپ کو کیوں ووٹ کا تقدس یاد نہیں آیا۔

مسلم لیگ (ن) نے بھی پنڈال سجالیا

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) آج ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں سیاسی میدان سجارہی ہے، جس سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے دیگر مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

سانگلہ ہل کی مختلف سڑکوں پر مسلم لیگ (ن) کے بڑے بڑے خیرمقدمی بینرز اور پینافلیکس آویزاں کیے گئے ہیں جن پر نواز شریف کے حق میں نعرے درج ہیں۔

ایم کیو ایم کے دونوں دھڑے آج پاور شو کریں گی

ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑے بھی آج یوم تاسیس کے موقع پر الگ الگ جلسے کر رہے ہیں۔ فاروق ستار کی سربراہی میں پی آئی بی گروپ لیاقت آباد پل پر جلسہ کرے گا جب کہ خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بہادر آباد گروپ نے نشتر پارک میں پنڈال سجالیا ہے۔فاروق ستار کا کہنا ہے کہ دو دو جگہ یوم تاسیس منانا اچھا نہیں لگ رہا، ہوسکتا ہے آج کوئی بڑا اعلان کروں۔

اے این پی اور جے یو آئی (ف) نے بھی پنڈال سجالیے

ادھر کوٹ ادو میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کریں گے جب کہ نوشہرہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفند یار ولی بھی جلسے سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی دیکھیں

فواد حسن فواد کی نیب کے ساتھ پلی بارگین کے لیے آمادگی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد نیب کیساتھ پلی ...