پیر , 28 مئی 2018

نگران وزیراعظم : پیپلز پارٹی کے نام پر (ن) لیگ متفق

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی نے نون لیگ کی کمزور پوزیشن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نگران وزیراعظم کے لئے اپنی جانب سے پیش کردہ نام پر حکمران جماعت کو قائل کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی بطور نگران وزیراعظم تقرری پر پاکستان مسلم لیگ (ن) متفق ہوگئی ہے، اشتیاق احمد خان کا نام پیپلز پارٹی کی جانب سے دیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران وزیراعظم کے نام کے لئے اس سے پہلے تصدق حسین جیلانی کا نام بھی زیر غور تھا اس کے علاوہ نون لیگ نے ڈاکٹرحفیظ پاشا کا نام بھی تجویز کیا تھا، جسے پیپلز پارٹی نے مسترد کردیا تھا۔

ذرائع نے مسلم لیگ (ن) کی اشتیاق احمد خان کے نام پر آمادگی کو نون لیگ کی سیاسی پوزیشن میں کمزوری قرار دیا ہے کیونکہ نواز شریف کے ممبئی حملے سے متعلق متنازع بیان کے باعث حکمران جماعت سخت مشکلات کا شکار ہے۔جس کا اظہار گزشتہ روز وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب نے نواز شریف سے ہونے والے اہم ملاقات میں بھی کیا تھا، مگر نواز شریف نے دونوں رہنماؤں کو باور کرادیا ہے کہ وہ کسی صورت دفاعی انداز اختیار نہیں کرینگے اور ووٹ کو عزت دو کے بیانئے پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونگے۔

واضح رہے کہ گیارہ مئی کو ایک تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لیے نام پر میں اور وزیراعظم متفق ہوگئے ہیں،نگران وزیراعظم ایک اچھا منتظم اور سب کے لیے قابل قبول ہوگا۔

یہ بھی دیکھیں

وزیراعظم آج گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی آج ایک روزہ دورے پرگلگت پہنچیں گے ...