بدھ , 12 دسمبر 2018

10 دن میں 3 کلو تک جسمانی وزن کم کرنا چاہتے ہیں؟

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) جسمانی وزن میں اضافہ اکثر افراد کو ذہنی طور پر پریشان کردیتا ہے اور وہ یہ سوچنے پر مجبور ہوجاتے ہیں کہ کیا چند دنوں میں موٹاپے میں کمی ممکن ہے؟تو اس کا جواب یہ ہے کہ ہاں ایسا بالکل ممکن ہے۔طرز زندگی میں چند تبدیلیاں لاکر جسمانی وزن میں کمی لائی جاسکتی ہے اور خود کو فٹ بنایا جاسکتا ہے۔یہاں آپ ایسی ہی ٹپس جان سکیں گے، جن کی مدد سے محض 10 دن میں 2 سے 3 کلو وزن کم کرنا ممکن ہے۔

پانی پینا

دن بھر میں پانی کی مناسب مقدار پینا جسم سے زہریلے مواد کے اخراج میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نہار منہ پانی پینے سے میٹابولزم حرکت میں آتا ہے جبکہ اس سے بے وقت منہ چلانے کی خواہش پر قابو پانے میں بھی مدد ملتی ہے، جو کہ جسمانی وزن میں اضافے کے لیے ضروری ہے۔

کھانے کے بعد چہل قدمی

کسی بھی وقت کے کھانے کے بعد 5 منٹ کی مختصر چہل قدمی نہ صرف غذا ہضم کرنے میں مدد دیتی ہے بلکہ کیلوریز جلانے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔ طبی تحقیقی رپورٹس کے مطابق کھانے کے بعد چہل قدمی سے دوران خون میں گلوکوز کو صاف کرنے میں مدد ملتی ہے، جس کی وجہ پٹھوں کا متحرک ہونا ہوتا ہے۔

فائبر کو ترجیح، چینی سے دوری

موٹاپے میں کمی کے لیے سبزیاں، پھل اور دالوں وغیرہ کا استعمال بڑھانا چاہئے، ممکن ہو تو ایک وقت کا کھانا مکمل طور پر سبزیوں پر مشتمل ہونا چاہئے۔ اسی طرح سہ پہر میں کچھ کھانے کے لیے گریوں یا پھلوں کو ترجیح دیں۔

گھر کے کھانے کو ترجیح

موجودہ عہد میں لوگ اکثر باہر کھانے کو ترجیح دینے لگے ہیں، مگر یہ فراموش کردیتے ہیں کہ بازاری غذائیں عموماً چربی اور تیل سے بھرپور ہوتی ہیں اور ان کا زیادہ استعمال جسم پر نقصان دہ چربی بڑھانے کا باعث بنتا ہے۔ گھر میں پکے کھانوں میں اجزا کا کنٹرول آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے جو جسمانی وزن بڑھنے نہیں دیتا۔

کم نمک

نمک کا زیادہ استعمال بلڈپریشر بلکہ ذیابیطس ٹائپ ٹو کا باعث بھی بن سکتا ہے، طبی ماہرین کے مطابق زیادہ نمک کھانے کے نتیجے میں پیٹ پھولتا ہے، تو اپنے کھانوں میں تو اضافی نمک سے گریز ضرور کریں، اس کے ساتھ ساتھ چپس وغیرہ بھی کم استعمال کریں۔

ورزش

روزانہ کم از کم آدھے گھنٹے کی جسمانی سرگرمیاں بھی صحت بخش غذا کے ساتھ اپنا معمول بنالیں ، یہ جسم کو نقصان پہنچائے بغیر وزن کم کرنے کا ایک بہترین طریقہ ہے۔ اپنی پسند اور شیڈول کے مطابق ورزش کا معمول طے کریں۔ان سب طریقوں پر عمل جاری رکھ کر آپ چند دنوں میں نمایاں نتائج دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

دوران حمل چائے یا کافی پینا بچے کی نشوونما کے لیے نقصان دہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)دوران حمل چائے یا کافی پینے کی عادت رکھنے والی خواتین کے ہاں ...