پیر , 10 دسمبر 2018

کندھ کوٹ: ووٹ مانگنے کیلئے آنے والے سردار کو سندھ کے نوجوانوں نے واپس کر دیا

کندھ کوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) شمالی سندھ کے ضلع کندھ کوٹ ایٹ کشمور کے علاقے تنگوانی میں نوجوانوں نے ووٹ مانگنے کے لیے آنے والے علاقے کے بااثر ترین سردار سلیم جان مزاری کو واپس کر دیا۔

ضلع کندھ کوٹ ایٹ کشمور کا شمار صوبے کے پسماندہ ترین اضلاع میں ہوتا ہے، جو شمالی سندھ کا آخری ضلع بھی ہے۔ اس ضلع کی سرحدیں صوبہ پنجاب اور صوبہ بلوچستان سے بھی ملتی ہیں۔ اس ضلع کو قبائلی جھگڑوں کا مرکز بھی تسلیم کیا جاتا ہے، یہاں برسوں سے مختلف قبائل معمولی معمولی باتوں پر ایک دوسرے سے لڑتے جھگڑتے آئے ہیں۔ ایک ایسے ضلع میں جہاں تعلیم نہ ہونے کے برابر ہے، بدامنی کا راج ہے، بنیادی ڈھانچہ اور تعمیر و ترقی نہ ہونے کے برابر ہے اور جہاں سرداروں اور وڈیروں کے خلاف کسی بھی غریب کی جانب سے آواز اٹھانا تقریبا گناہ یا پھر سردار کی عزت نہ کرنے کے مترادف سمجھا جاتا ہے، وہاں چند نوجوانوں نے بااثر سردار کا راستہ روک کر انہیں کھری کھری سنا دیں۔

نوجوانوں نے طویل عرصے تک غائب رہنے اور نئے عام انتخابات قریب آنے کے بعد ووٹ مانگنے کے لیے آنے والے سردار سلیم جان مزاری کے سامنے احتجاج کر کے انہیں 10 سال تک غائب رہنے، ایوانوں میں علاقے کے لیے کچھ نہ بولنے اور علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہ کرنے پر بولنے تک نہ دیا اور انہیں واپس جانے پر مجبور کر دیا۔

احتجاج کرنے والے نوجوان اگرچہ سردار صاحب کو 10 سال تک ضلع کے لیے کچھ بھی نہ کرنے کا طعنہ دیتے سنائی دے رہے ہیں، تاہم ان کا زیادہ تر زور اس بات پر ہے کہ سردار سلیم جان مزاری نے ضلع میں یونیورسٹی بنانے کے لیے کردار کیوں نہیں ادا کیا۔ نوجوان بولتے نظر آتے ہیں کہ ان کی خاموشی کو 50 سال گزر گئے اور ان کی 4 نسلیں خاموشی کی وجہ سے جہالت کی زندگی گزار گئیں، تاہم اب وہ خاموش نہیں رہنے والے، وہ اپنا حق، اپنی یونیورسٹی لڑ جھگڑ کر بھی حاصل کریں گے۔ سلیم جان مزاری کا شمار بااثر سرداروں میں ہوتا ہے۔

پسماندہ ترین علاقے میں بااثر سردار کے خلاف چند نوجوانوں کے احتجاج کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور سندھ بھر کے نوجوان ایک دوسرے کو اپنے اپنے علاقوں میں ایسا ہی احتجاج کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے دکھائی دیے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سردار سلیم جان مزاری جیسا احتجاج سندھ کے دیگر بااثر سرداروں اور وڈیروں کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں دیکھنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

پنجاب میں خاتون خودکش بمبار کے داخلے کی اطلاع پر سیکیورٹی ہائی الرٹ

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر سکیورٹی ہائی الرٹ ...