منگل , 20 نومبر 2018

’انتخابات میں کسی دوسرے ادارے کی مداخلت قبول نہیں‘ نواز شریف

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن میں الیکشن کمیشن کے علاوہ کسی دوسرے ادارے کی مداخلت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’جو کچھ آج ہورہا ہے اس سے پہلے ہی الیکشن کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، اس لئےالیکشن کمیشن کے لئے مناسب یہ ہوگا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی باتوں پر عمل کرنے کے بجائے انتظامات خود اپنے ہاتھ میں لے اور خود فیصلے کرکے انہیں عملی جامہ پہنائے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہم الیکشن میں الیکشن کمیشن کے علاوہ کسی دوسرے ادارے کی مداخلت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری اور اس کا مینڈیٹ ہے، جبکہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر جاکر فوج کے کردار ادا کرنے کی منطق مجھے سمجھ نہیں آتی۔‘

نواز شریف نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ’انتخابات سے قبل آج جس پارٹی کے خلاف مہم جاری ہے وہ مسلم لیگ (ن) ہے، کیا کسی دوسری جماعت کے نمائندے کو توڑ کر کسی اور پارٹی کے ساتھ جوڑا گیا ہے؟ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی امیدواروں کو شیر کا نشان چھوڑنے پر مجبور کرکے انہیں جیپ کا نشان دلوایا گیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ فوج کے ان افسران و اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جو مورچوں پر جاکر دشمنوں کا مقابلہ کرتے ہیں، جو دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہیں، جو دہشت گردی کے خلاف اپنی جانیں قربان کرتے ہیں اور اپنے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’فوج کے حلف میں یہ واضح طور پر لکھا ہوا ہے کہ ہم اپنی پیشہ ورانہ حدود سے باہر نکل کر سیاسی حدود میں داخل نہیں ہوں گے اور ہم سیاست میں ملوث نہیں ہوں گے۔‘

یہ بھی دیکھیں

سست رفتار انٹرنیٹ کی رفتار بڑھانے میں مددگار ٹپس

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیٹ پر لوگ زیادہ تر وقت فلمیں دیکھتے، گانے سنتے یا اپنے پیاروں ...