بدھ , 19 دسمبر 2018

چمن کے مال روڈ پر دھماکا اور فائرنگ، 6 افراد زخمی

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) چمن میں واقع مال روڈ پر دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہری نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد میں جا رہے تھے کہ سڑک پر کھڑی موٹر سائیکل دھماکے سے اڑ گئی اور دھماکے کے فوری بعد ہی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور 10 سے زائد دکانوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ شہریوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا ریمورٹ کنٹرول تھا اور بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، ابھی تک 6 افراد کے شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں سول اسپتال چمن منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ دیگراسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں اور سیکیورٹی فورسز کے دستے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے حادثے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

امریکہ اور اسرائیل دہشت گردوں کو منظم کر رہے ہیں، ایرانی وزیر انٹیلی جینس

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)ایران کے وزیر انٹیلی جینس نے کہا ہے کہ اسرائیل کے جاسوسی ادارے ...