بدھ , 17 اکتوبر 2018

راؤ انوار کی غیرقانونی اسلحہ کیس میں بھی ضمانت منظور

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس کے ملزم راؤ انوار کی غیر قانونی اسلحہ کیس میں بھی ضمانت منظور کر لی ہے۔ کراچی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں غیر قانونی اسلحہ کیس میں نقیب اللہ قتل کیس کے ملزم راؤ انوار کی درخواست ضمانت سے متعلق سماعت ہوئی جس میں عدالت نے راؤ انوار کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نقیب اللہ قتل کیس میں بھی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت ملزم راؤ انوار کی ضمانت منظور کر چکی ہے۔

نقیب اللہ کیس کا پس منظر؛
13 جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی۔

سوشل میڈیا صارفین اور سول سوسائٹی کے احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راؤ انوار روپوش ہو گئے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنا دیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

یہ بھی دیکھیں

تاجروں کو نیب سمیت کوئی ادارہ بلاجواز ہراساں نہیں کرے گا، وزیراعظم کی یقین دہانی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے تاجروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نیب اور ...