بدھ , 21 اگست 2019

کینیڈا میں فائرنگ: دو افراد ہلاک، حملہ آور کا نام فیصل حسین ظاہر کیا گیا ہے

اوٹاوا (مانیٹرنگ ڈیسک) کینیڈا کے حکام نے اتوار کو ٹورنٹو میں فائرنگ کر کے ایک خاتون اور ایک دس سالہ بچی کو ہلاک اور 13 افراد کو زخمی کرنے والے شخص کا نام فیصل حسین ظاہر کیا ہے۔ ٹورنٹو پولیس کے مطابق ایسا غیر معمولی صورتِ حال کی وجہ سے کیا جا رہا ہے۔

یہ فائرنگ اتوار کی شب ڈینفرتھ ایوینیو میں ایک ریستوران کے نزدیک ہوئی تھی اور اس میں 29 سالہ فیصل حسین بھی مارے گئے تھے۔ حکام کے مطابق زخمی ہونے والے دیگر 13 افراد میں دس سے 59 سال کے افراد شامل ہیں۔

 

کینیڈا کے ذرائع ابلاغ پر شیئر کیے جانے والے ایک ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک سفید فام شخص جس نے گہرے رنگ کا لباس اور ٹوپی پہن رکھی ہے اور جس کے کاندھے پر ایک تھیلا ہے فٹ پاتھ پر رکتا ہے اور بندوق نکال کر گولیاں چلا دیتا ہے۔

اس واقعے کے بعد پولیس نے موقعے پر پہنچ کر علاقہ خالی کروا لیا۔ کچھ زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد دی گئی جبکہ دیگر کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے جائے وقوعہ سے بھاگنے کی کوشش کی لیکن اسے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ہلاک کر دیا گیا۔

ایک بیان میں فیصل حسین کے خاندان والوں نے مرنے اور زخمی ہونے والوں کے لیے ’گہری ہمدردی‘ ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کا بیٹا شدید ذہنی بیماریوں کا شکار تھا اور اسے زندگی کے بیشتر حصے میں ناقابلِ علاج سائکوسس کا سامنا رہا۔ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

واقعہ ہوا کیسے؟

ہنگامی امداد کے اداروں کو اتوار کی شب دس بجے جائے حادثہ پر بلایا گیا۔ جس مقام پر فائرنگ ہوئی وہ چوک مقامی افراد میں بہت مقبول ہے اور یہاں بھیڑ بھاڑ رہتی ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بظاہر دو کیفے یا ریستورانوں پر فائرنگ کی گئی جن میں سے ایک میں موجود افراد زخمی ہوئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں سنیں۔ جان ٹلوچ نے جو اس وقت علاقے میں اپنے بھائی کے ہمراہ موجود تھے، مقامی اخبار کو بتایا کہ ’وہ فائر کرتا، پھر وقفہ آتا۔ پھر ہم نے مزید فائرنگ سنی۔ پھر وقفہ اور پھر مزید فائرنگ۔‘

@TorontoPolice
Replying to @KrisReports @TPSOperations
9 victims shot. Conditions of victims not known yet A young girl is one of the 9 victims. 9 victims does not include the shooter who is dead #GO1341286 ^sm

انھوں نے کہا ’20 سے 30 گولیاں چلی ہوں گی۔ ہم تو بس بھاگے۔ لوگ چیخ چلا تو نہیں رہے تھے لیکن ہر کوئی فکرمند تھا۔‘ پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقہ خالی کروا لیا ہے

واقعے کے وقت علاقے میں موجود جوڈی سٹین ہائر نے سی بی سی نیوز کو بتایا کہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ ایک ریستوران میں موجود تھیں جب انھوں نے دس سے پندرہ پٹاخوں کی آوازیں سنیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’پھر ہمیں باہر سے لوگوں سے چیخنے کی آوازیں سنائی دیں۔‘

ٹورنٹو سٹار اخبار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کھڑکی سے حملہ آور کو دیکھا۔ وہ مجھے یا میرے کسی ساتھی کو دیکھ رہا تھا۔ اور پھر اس نے گولی چلا دی۔‘ انھوں نے کہا کہ ’وہ قد میں مجھ سے زیادہ نہیں تھا۔ کالی ٹوپی پہنے ہوئے تھا، گہرے رنگ کا لباس تھا اور اس کی رنگت ہلکے رنگ کی تھی۔ چہرے پر ہلکی داڑھی تھی بس مجھے اتنا ہی یاد ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ان کے کیفے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

یہ بھی دیکھیں

انسداد پولیو کیلئے پاکستان سے تعاون جاری رہے گا:بل گیٹس کا وزیراعظم عمران خان کو خط

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے وزیراعظم عمران خان کو خط …