جمعہ , 15 نومبر 2019

شامی فوج اسرائیل اور امریکی سازش کو ناکام بنا رہی ہے، بشار الاسد

دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) شام کے صدر بشار الاسد نے ملک کی مسلح افواج کو اغیار کی شرپسندی اور دشمنی کے طوفان کے مقابلے میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار قرار دیا ہے جس نے صیہونی امریکی سازشوں کو یکے بعد دیگرے ناکام بنا دیا ہے۔ شامی فوج کے بہترویں (72) یوم تاسیس کے موقع پر فوجی جرید جیش الشعب کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر بشار اسد کا کہنا تھا کہ ملک کی مسلح افواج نے دہشت گردوں اور ان کے علاقائی حامیوں کے مقابلے میں زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

شام کے صدر نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یہ کامیابیاں سات سال کی قربانیوں اور فداکاری کے نتیجے میں حاصل ہوئی ہیں، اور حمص سے لیکر پالمیرا تک اور حلب سے لیکر قلمون، دیر الزور سے لیکر غوطہ شرقی تک تمام علاقوں میں امن اور استحکام پیدا ہو گیا ہے اور دہشت گرد ذلیل و خوار ہو کر اپنے زیر قبضہ علاقوں سے بھاگ نکلنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

صدر بشار اسد نے فوجی جوانوں کو مخاطب کرتے کہا کہ ملک کی مسلح افواج کے جوان ہی اس سرزمین کے محافظ اور دفاع وطن کا مضبوط حصار ہیں- شام کے صدر نے بڑے واضح الفاظ میں کہا کہ شام کے بعض علاقوں پر تکفیری دہشت گردوں کا قبضہ دراصل اسرائیلی امریکی سازش کا ایک حصہ تھا جسے شام کی مسلح افواج نے بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔

شام کا بحران سن دوہزار گیارہ میں سعودی عرب، امریکہ اور ان کے اتحادیوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کے وحشیانہ حملوں اور شام کے بعض علاقوں پر قبضے سے شروع ہوا تھا۔ اس سازشی منصوبے کا مقصد خطے کے حالات کو اسرائیل کے حق میں تبدیل کرنا تھا لیکن شامی فوج، مزاحمتی قوتوں اور شامی عوام نے باہمی اتحاد کے ذریعے دشمنوں کی اس مکروہ سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست قابل سماعت قرار

لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف …