منگل , 11 دسمبر 2018

روس کا امریکی پابندیوں کے جواب میں کارروائی پر غور

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی حکومت نے امریکا کی جانب سے ان پر لگائی جانے والے نئی پابندیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہیں ناقابلِ قبول قرار دے دیا اور ان کے جواب میں کارروائی کرنے کا اعلان کردیا۔فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق امریکا نے روس پر برطانیہ میں مقیم سابق روسی ایجنٹ کو مبینہ طور پر زہر دینے میں ملوث ہونے کے الزام میں پابندی عائد کی تھی۔

واضح رہے کہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے حالیہ اقدام دونوں ممالک کے تعلقات میں پیدا ہونے والی نئی دراڑ ہے جوامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک ماہ قبل ہی روسی ہم منصب سے ملاقات کے بعد سامنے آئی۔

اس حوالے سے امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پابندیاں برطانوی شہری سرگی اسکرپال کے قتل کے ارادے سے ’نووی چوک‘ نامی زہر کے استعمال پر لگائی گئیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں روسی نژاد ڈبل ایجنٹ سرگی اسکرپال ااور ان کی بیٹی یولیا اسکرپال پر اعصاب شل کردینے والے زہر سے حملہ کیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی بیٹی تو صحتیاب ہوگئیں تھیں لیکن بعد میں سرگی اسکرپال کی صحت کے حوالے سے کوئی معلومات نہیں فراہم کی گئیں۔

اس ضمن میں امریکی حکومتی ترجمان ہیتھر نوریٹ کا کہنا تھا کہ پابندیاں اس لیے لگائی گئیں کہ روسی حکومت کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے استعمال کی سزا دی جاسکے۔

تاہم امریکا کی جانب سے کی گئی اس تادیبی کارروائی پر روس میں خاصہ شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔اس ضمن میں روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریہ زخرووا نے صحافیوں کو بتایا کہ روس اس پابندی کی جوابی کارروائی پر غور کررہا ہے۔

جبکہ روسی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جو بھی پابندیاں رو س پر لگائی جائیں گی ان کا اسی طرح جوا ب دیا جائے گا، اگر وہ کسی اقدام کا سوچیں گے بھی ہم اس کا جواب دیں گے، یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماسکو سمجھتا ہے کہ ’اب امریکا سے کسی بھی اقدام کی توقع کی جاسکتی ہے‘، تاہم دونوں ممالک کئے باہمی تعلقات میں بہتری کی امید برقرار ہے۔

خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے روس پر پابندیوں کے اعلان کے بعد روسی اسٹاک مارکیٹ میں آغاز کے ساتھ ہی ڈرامائی طور پر مندی کارجحان دیکھا گیا جبکہ روسی کرنسی روبل 2016 کے بعد کم ترین سطح پر پہنچ گئی ، تاہم بعد میں کچھ بہتری دیکھنے میں آئی لیکن مجموعی طور پر مندی کا رجحان برقرا ررہا۔

یہ بھی دیکھیں

ایسا کام کریں تاکہ دشمنوں میں ایرانی قوم کو دھمکی دینے کی ہمت بھی نہ رہے:آیت اللہ العظمی خامنہ ای

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بحریہ کے ...