ہفتہ , 20 اکتوبر 2018

بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 29 افراد ہلاک

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے فوج طلب کرلی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق مون سون بارشوں کے نہ تھمنے والے سلسلے نے بھارت کے دارالحکومت سمیت کئی ریاستوں میں معمولِ زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔ جنوبی ریاست کیرالا میں شدید بارشوں سے جمع ہونے والے پانی کی سطح 2 ہزار 4 سو فٹ بلند ہونے پر مجبوراً ڈیم کے دروازے کھولنے پڑے۔

محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ 26 سال میں پہلی بار کیرالا کے ضلع اڈوکی میں ڈیم کے دروازے کھولنے پڑے جس کی وجہ سے پانی کا سیلابی ریلا کئی دیہات کو بہا کر لے گیا جب کہ سب سے زیادہ ہلاکتیں مٹی کے تودے کے ملبے تلے دب کر ہوئی ہیں جس میں کم از کم 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 10 افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہوئے۔

ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے 241 ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں جب کہ اب تک 15 ہزار 6 سو 95 شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے تاہم مریضوں کی منتقلی میں دشواری کا سامنا ہے۔ بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں 50 برس میں سب سے زیادہ بارشوں کا سامنا ہے جس سے صورت حال گھمبیر ہوگئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

ملائشیا: احمد زاہد حامدی فلاحی ادارے کے فنڈز میں خرد برد کرنے کے الزامات میں گرفتار

کوالالمپور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائشیا کے احتساب کمیشن نے سابق نائب وزیراعظم احمد زاہد حامدی کو ...