پیر , 24 ستمبر 2018

اب تک کا سب سے خوبصورت نوچ ڈیزائن والا فون متعارف

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی کمپنی اوپو نے اپنے نئے فلیگ شپ فون ایف 9 کو متعارف کرا دیا ہے اور اسے سب سے خوبصورت نوچ ڈیزائن والی ڈیوائس قرار دیا جارہا ہے۔درحقیقت یہ نوچ آئی فون ایکس سے نہیں ملتا بلکہ یہ ایک پانی کے قطرے جیسا ہے اور فون کا قدرتی حصہ محسوس ہوتا ہے۔

ویسے اس کے فیچرز کو دیکھا جائے تو یہ فلیگ شپ فون لگتا نہیں کیونکہ اس میں ایٹ کور میڈیا ٹیک ہیلیو پی 60 پراسیسر دیا گیا ہے جو کہ دیگر کمپنیوں کی فلیگ شپ ڈیوائسز کے مقابلے میں زیادہ طاقتور نہیں۔اس کے اوپر بڑے چوکور نوچ کی جگہ پانی کے قطرے کی شکل کا چھوٹا سا نوچ دیا گیا ہے جس میں سیلفی کیمرہ اور اسپیکر دیا گیا ہے اور ڈیزائن کے لحاظ سے یہ بالکل مختلف ڈیوائس ہے۔اس فون میں بیزل نہ ہونے کے برابر ہیں اور متاثرکن 90.8 فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو دیا گیا ہے۔

6.3 انچ ایل سی ڈی ڈسپلے میں 2340×1080 ریزولوشن دیا گیا ہے جبکہ اسے محفوظ بنانے کے لیے گوریلا گلاس سکس کا استعمال کیا گیا ہے، جو کہ 15 میٹر کی بلندی سے گر کر بھی اسے ٹوٹنے سے بچائے گا۔اس فون میں 6 جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ کی مدد سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔اس کے بیک پر 16 اور 2 میگا پکسل پر مشتمل ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 25 میگا پکسل سیلفی کیمرہ ہے۔

اس میں فنگر پرنٹ سنسر بیک پر موجود ہے جبکہ 3500 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے جو کہ اوپو کی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔کمپنی کے مطابق 5 منٹ چارج کرکے 2 گھنٹے تک بات کی جاسکتی ہے۔اس میں اینڈرائیڈ اورو 8.1 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے۔یہ سب سے پہلے ویت نام میں متعارف کرایا گیا ہے تاہم رواں ماہ کے دوران اسے متعدد ممالک میں بھی پیش کردیا جائے گا۔اس کی قیمت ویت نام میں 42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد رکھی گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں

جرمنی میں ہائیڈروجن سے چلنے والی دنیا کی پہلی ٹرین کا افتتاح

برلن(مانیٹرنگ ڈیسک) جرمنی میں ہائیڈروجن سے چلنے والی دنیا کی پہلی ٹرین نے اپنے سفر ...