جمعرات , 15 نومبر 2018

ٹرمپ سعودی عرب کو دوہتاجارہا ہے …دوہتا جارہا…دوہتا جارہا ہے

(تسنیم خیالی) 
ایک با پھر امریکی صدر ٹرمپ سعودی عرب نامی گائے کو دوہنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ، ٹرمپ نے گزشتہ اپریل میں دھمکی دی تھی کہ وہ شام میں داعش کے خلاف سرگرم عالمی اتحاد سے امریکی فوجیوں کو واپس بلالیں گے یہ دھمکی دراصل کسی اور کونہیں بلکہ سعودی عرب کو دی گئی تھی تاکہ سعودی عرب امریکی فوجیوں کے اخراجات برداشت کرے۔

اس ضمن میں امریکہ نے انکشاف کیا تھا کہ سعودی عرب نے حال ہی میں شام میں سرگرم عالمی اتحاد کی مدد کیلئے 100 ملین ڈالر دیئے ہیں جو ان علاقوں میں استحکام لانے پر خرچ ہونگے جہاں داعش کا کنڑول قائم نہیں رہا ، اپنی جانب سے امریکہ نے اس اقدام کا خیر مقدم بھی کیا ہے ، جبکہ امریکی دفتر خاجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ امداد استحکام لانے کے لئے ضروری ہے خاص طور پر کہ شام میں جاری آپریشن اہم مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ۔

اس معاملے میں قابل غور بات یہ ہے کہ سعودی عرب نے 100 ملین ڈالر کی بڑی رقم ایک ایسے وقت میں دی ہے کہ جس میں امریکہ بیرون ملک امداد دینے کو بند کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہا ہےکیونکہ ٹرمپ کے نزدیک اس قسم کے امداد سے امریکہ کو کوئی خاص فائدہ نہیں ہورہا، جیسا کہ پہلے ذکر کیا کہ امریکی صدر نے شام سے امریکی افواج واپس بلانے کی بات کی تھی اور اس وقت ٹرمپ نے سنجیدہ ہوکر کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ، ٹرمپ کے مطابق شام میں امریکی افواج کی موجودگی کی وجہ داعش کا خاتمہ تھا جو عنقریب پورا ہوجائے گا جس کے بعد ہم شام سے نکل جائیں گے۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ شام میں امریکی مداخلت کے اخراجات بہت زیادہ ہیں جبکہ فائدہ ’’دیگر ممالک ‘‘ کو حاصل ہورہا ہے، ٹرمپ نے اس وقت یہ بھی کہا تھا کہ اگر سعودی عرب امریکی افواج کے اخراجات برداشت کرے گا تو پھر امریکی افواج شام میں موجود رہے گی ، ٹرمپ کبھی نہیں چاہتا کہ اس کی افواج شام سے نکل جائیںاور ناہی مستقبل قریب میں ایسا ہوتا ہوا نظر آتا ہے ، اور جو کچھ ٹرمپ نے اس بارے میں اظہار خیال کیا تھا وہ صرف اور صرف سعودی عرب کو بلیک میل کرنے کےلئے کیا ، آج سعودی عرب نے ٹرمپ کے ہاتھوں بلیک میل ہونے کے بعد 100 ملین ڈالر دے دیا ہے، کل پھر بلیک میل ہوگا اور پھر پیسے دیگا اور یوں ٹرمپ سعودی عرب نامی گائے کو دوہتے رہیں گے۔

یہ بھی دیکھیں

حضرت محمدؐ: امن اور اتحاد کے ایک عظیم پیغامبر

(محمد اکرم چوہدری) وہ مہینہ جس میں اللہ رب العزت نے اپنی مخلوق کے لیے ...