جمعہ , 18 اکتوبر 2019

شاہ سلمان کا اپنے بیٹے محمد بن سلمان کو ولی عہد کے عہدے سے برطرف کرنے کا ارادہ: رپورٹ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی ولی عہد اور شہزادے محمد بن سلمان کے متنازعہ منصوبوں اور معاملات نے انہیں قومی اور عالمی سطح پر مسلسل تنقید کا نشانہ بنا رکھا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے والد شاہ سلمان کا اعتماد بھی گنوا دیا ہے۔سپین نے ایک اخبار پبلیکو کی ایک رپورٹ کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کی پوزیشن انتہائی متنازعہ ہو چکی ہے جس کی وجہ شاہ سلمان انہیں ولی عہد کے عہدے سے برطرف کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ باپ اور بیٹے کے درمیان وجہ تنازعہ قومی اور عالمی مسائل کو حل کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں اختلاف رائے ہے۔ ان اختلافات میں سب سے بڑا اختلاف فلسطین، اسرائیل تنازعہ ہے۔ بن سلمان اسرائیل کی حمایت میں ہیں جبکہ شاہ سلمان نے جولائی میں عوام کے سامنے اعلانیہ فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا تھا، یہاں سے دونوں میں اختلاف کا آغاز ہوا۔

اس ہفتے کے آغاز میں شاہ سلمان نے آرامکو آئل کمپنی کے پانچ فیصد حصے کی فروخت کا سودا منسوخ کر دیا تھا جبکہ بن سلمان کے مطابق یہ 2030 کے وژن کا حصہ تھا جس کے مطابق وہ آئل کے کاروبار کے مقابلے میں متوازن معاشی منصوبے چلانے کا ارادہ رکھتے تھے، اس سودے کی منسوخی بھی بن سلمان کے بادشاہ بننے کی راہ میں بہت بڑی رکاوٹ ثابت ہو گی۔

سعودی شہزادے بن سلمان کو بہت سے طاقتور ممالک کی طرف سے بھی یمن جنگ کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس میں اب تک ہزاروں بے گناہ افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں، بچوں اور خواتین کی ہے جبکہ سیکڑوں زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ قحط کی وجہ سے کسی ٹائم بھی کوئی انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

درحقیقت گزشتہ ہفتے سعودی جنگی طیاروں نے بچوں کی ایک سکول بس کو نشانہ بنایا جس میں 40 معصوم بچے شہید ہوئے جس پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے کہا تھا کہ سعودی عرب یمن میں جنگی جرائم میں ملوث ہے، لیکن بن سلمان حسب سابق اپنی پالیسی پر اسی طرح گامزن ہیں۔

پچھلے ماہ بن سلمان نے خواتین سماجی ورکز کو گرفتار کرنے اور ان کی رہائی کے لئے آواز اُٹھانے پر کینیڈا کے ساتھ سفارتی تعلقات ختم کر دیے تھے اور کینیڈا کے سفیر کو واپس بھیج دیا تھا، جس کے ردعمل میں کینیڈا کی یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے ہزاروں سعودی طلباء کو یونیورسٹیوں سے نکال دیا گیا تھا۔

یہ بھی دیکھیں

شامی فوج رقہ میں پہنچ گئی

دمشق: شامی فوج شام کے صوبہ الرقہ میں پہنچ گئی ہے ۔ شامی فوج شام …