ہفتہ , 20 اکتوبر 2018

افغانستان: بم دھماکے میں 8 بچے جاں بحق، 6 زخمی

کابل: (مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے شمالی صوبے فریاب میں ایک بم دھماکے کی زد میں آ کر تقریباً 8 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق صوبائی چیف پولیس کے ترجمان کریم یورش نے بتایا کہ واقعہ ضلع تگب میں پیش آیا جس میں 6 بچے بری طرح زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے اسپتال کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2 زخمی بچوں کی حالت خطرے سے خالی نہیں ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ 5 سے 12 سال کی عمر کے بچے کھیل رہے تھے جب بم پھٹ گیا۔ واقعہ سے متعلق تاحال کسی تنظیم یا ادارے نے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دوسری جانب ترجمان نے الزام لگایا کہ طالبان صوبے کے مختلف حصوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانے کے لیے روڈ پر بم نصب کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ 11 ستمبر کو بھی ننگرہار میں مقامی پولیس کمانڈر کے خلاف احتجاج کے لیے جمع ہونے والے شہریوں کے ایک گروپ کے درمیان ہونے والے خود کش دھماکے سمیت دیگر حملوں میں 68 سے زائد افراد جاں بحق اور 130 زخمی ہو گئے تھے۔ اے ایف پی نے ننگرہار پولیس ہیڈکوارٹرز کے کیپٹن قیس سیفی کے حوالے سے کہا تھا کہ ‘400 کے قریب شہری جمع تھے کہ ان کے درمیان ہی خودکش بمبار نے خود کو اڑا دیا’۔

ننگرہار کے پولیس سربراہ جنرل غلام ثنائی استنکزئی کا کہنا تھا کہ ضلع اچین سے سیکڑوں افراد دارالحکومت جلال آباد اور پاکستان کے ساتھ جڑی سرحد طورخم کے درمیان مرکزی شاہراہ کو معطل کرنے کے لیے ضلع موندارا آئے تھے۔

یہ بھی دیکھیں

ساڑھے تین منٹ میں 300 فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا: ایہود باراک

یروشلم (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل کے سابق وزیراعظم اور وزیر دفاع ایہود باراک نے فخریہ انداز ...