پیر , 17 دسمبر 2018

شام کے شمالی علاقوں میں امریکا کی نقل وحرکت اور اقدامات،روس کا انتباہ

ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے شام کے شمالی علاقوں میں امریکا کی نقل وحرکت اور اقدامات کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے شام کے شمالی علاقے میں خاص طور پر دریائے فرات کے مشرقی حصے میں امریکی نقل و حرکت اور اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت خبردار کیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں شام میں دریائے فرات کے مشرق میں امریکی فوج کے ذریعے مستقل فوجی اڈہ قائم کرنے کے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن شام کے شمالی علاقے میں فوجی اڈہ قائم کر کے شامی حکومت کے مخالفین کی مدد کر رہا ہے۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ شام کے اس علاقے میں امریکی اقدامات کا مقصد ایک طرح کی الگ حکومت قائم کرنا ہے جو شام کے بنیادی آئین کے منافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے اس طرح کے اقدامات سے شام کے بحران کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ شام میں دریائے فرات کے مشرقی علاقے میں امریکی اقدامات سے مقامی آبادی کا تناسب بھی بگڑ سکتا ہے جس کی بنا پر غیر کردی اقوام کے درمیان کشیدگی بھی پیدا ہو گی۔

واضح رہے کہ امریکا نے پچھلے چند برسوں کے دوران شام کے شمالی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کا بہانہ بنا کر وہاں اپنے حمایت یافتہ گروہوں پر مشتمل ایک الگ حکومت تشکیل دے کر شام کے ٹکڑے کرنا چاہتا ہے جبکہ شامی حکومت نے شام میں امریکا کی فوجی موجودگی کو غیر قانونی قراردے کرشام سے امریکی فوجیوں کے فوری طور پر نکل جانے کا بارہا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

جمال خشوگی کے قتل کی تحقیقات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ترکی

دوحہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی نے جمال خشوگی کے قتل کی تحقیقات سے پیچھے ہٹنے سے انکار ...