ہفتہ , 20 اکتوبر 2018

یونان میں موٹے افراد کے گدھوں پر بیٹھنے پر پابندی

ایتھنز (مانیٹرنگ ڈیسک) یونان میں سیاحت کرنے والے افراد کا وزن اگر 100 کلوگرام یا اس سے زائد ہو تو انہیں گدھوں پر سواری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس ضمن میں حکومت نے جانوروں کے حقوق کا نیا قانون متعارف کروا دیا ہے۔

ملک میں وزارت برائے دیہی ترقی اور غذا نے کہا ہے کہ اس سال جولائی میں سانتورینی جزائر میں گدھوں پر فربہ سیاحوں کی سیر کے بعد حقوق حیوانات کی تنظیموں اور ذرائع ابلاغ نے اس ضمن میں بھرپور مہم بھی چلائی تھی۔ نئے قانون کے تحت اب 100 کلوگرام یا اس سے زائد وزنی سیاح گدھوں پر نہیں بیٹھ سکیں گے۔

جانوروں کی فلاحی تنظیموں نے کہا ہے کہ گدھوں سے پورے ہفتے بوجھ اٹھوایا جاتا ہے جو انہیں کمزور کر رہا ہے۔ ایک اور درخواست میں کہا گیا ہے کہ جانوروں کے مالکان ان کی مناسب غذا، رہائش، آرام، کھانے اور پینے کا خیال نہیں رکھ رہے اور مسلسل بوجھ ڈھونے سے ان کی کمریں کمزور ہو چکی ہیں، زین کی رگڑ سے وہ زخمی ہوتے جا رہے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ مالکان جانوروں کا ہر ممکن خیال رکھیں اور بیمار، زخمی اور حمل کے
آخری مرحلے میں جانوروں کو مشقت کےلیے استعمال کرنے پر ممانعت ہونی چاہیے۔ علاوہ ازیں اصطبل کا ماحول بھی جراثیم سے پاک اور صحت مندانہ بنانے کی استدعا کی گئی تھی۔

اس درخواست پر 70 ہزار افراد نے دستخط کیے تھے جس کے بعد حکومت نے یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ اس جزیرے پر ہر سال لاکھوں سیاح آتے ہیں اور گدھوں پر بیٹھ کر مختلف مقامات کی سیر کرتے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

یوگنڈا کی 40 سالہ خاتون 44 بچوں کی ماں

یوگینڈا (مانیٹرنگ ڈیسک) افریقہ میں ایک خاتون کی عمر 40 برس ہے لیکن اب تک ...