پیر , 19 نومبر 2018

جمال خاشقجی گمشدگی: آئی ایم ایف سربراہ کا مشرق وسطیٰ کا دورہ ملتوی

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لاگارڈے نے معروف صحافی کی مبینہ گمشدگی کے بعد مشرق وسطیٰ کا دورہ اور سعودی عرب میں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت ملتوی کر دی۔

آئی ایم ایف کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ‘مینیجنگ ڈائریکٹر کا مشرق وسطیٰ کا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔’تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل نہیں دی۔کرسٹین لاگارڈے کو سعودی عرب میں منعقد ہونے والی ‘فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو’ کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔

استنبول میں سعودی قونصلیٹ میں 2 اکتوبر کو آخری بار دیکھے جانے والے صحافی جمال خاشقجی کے مبینہ قتل کے بعد عالمی کاروباری اور میڈیا کے رہنماؤں نے اس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا تھا۔

ہفتہ کو بالی میں آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے دوران کرسٹین لاگارڈے کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ ہفتے کانفرنس میں شرکت کے لیے ریاض جائیں گی۔

اس وقت ان کا صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ ‘انسانی حقوق اور معلومات کی آزادی ضروری حقوق ہیں اور وہ صحافی کے مبینہ قتل کے واقعے پر خوفزدہ ہیں۔’

ان کا کہنا تھا کہ انہیں دنیا بھر میں آئی ایم ایف کے معاملات چلانے کے لیے ایسے واقعات کو ایک طرف رکھ کر آگے بڑھنا ضروری ہے۔

خیال رہے کہ امریکا میں مقیم سعودی صحافی جمال خاشقجی گزشتہ 2 ہفتے سے لاپتہ ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ انہیں ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب سے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرنے والے جمال خاشقجی امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ تھے جبکہ ادارے نے بھی ان کی گمشدگی کی تصدیق کی تھی۔

صحافی کی گمشدگی پر ترک حکومت نے فوری ردعمل دیتے ہوئے استنبول میں تعینات سعودی سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا خدشہ پیدا ہوا تھا۔

سعودی سفیر نے صحافی کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیش میں مکمل تعاون کی پیش کش کی تھی۔

سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر گزشتہ روز امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے براہِ راست ملاقات بھی کی تھی۔

یہ بھی دیکھیں

نوجوان خواتین ہارٹ اٹیک کا زیادہ شکار ہونے لگیں

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)اگرچہ ماضی میں خیال کیا جاتا تھا کہ دل کا امراض عمر رسیدہ ...