بدھ , 21 نومبر 2018

نئی پابندیاں اندھے دشمن کی انتقامی کارروائی، سنگین اور ظالمانہ ہیں: ایران

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے امریکا کی طرف سے تہران پر عائد کردہ تازہ پابندیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سنگین اور عالمی نظام کی توہین کےمترادف قرار دیا۔ ایران کا کہنا ہے کہ تہران پر عاید کردہ نئی پابندیاں اندھے دشمن کی انتقامی کارروائی، سنگین اور ظالمانہ ہیں۔

ذرائع کے مطابق منگل کو امریکا نے ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب سے وابستہ کمپنیوں پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کی تھیں۔ ان میں بنک، صنعتی اور تجارتی فرمیں بھی شامل ہیں۔

ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی کا ایک بیان شائع کیا جس میں انہوں نے امریکا کی طرف سے عائد کردہ نئی اقتصادی پابندیوں پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں ‌نے امریکا کی نئی پابندیوں کو سنگین، ظالمانہ اور دشمن کی انتقامی کارروائی قرار دیا۔

واضح رہے کہ امریکا کی موجودہ حکومت نے ایران کے ساتھ سنہ 2015ء میں طے پائے سمجھوتے کو ختم کرتے ہوئے تہران کے حوالے سے مزید سخت پالیسی اختیار کی ہے۔ اس پالیسی کے تحت امریکا ایران پر دباؤ ڈالنےکے لیے اقتصادی پابندیوں میں ایک بار پھر اضافہ کر رہا ہے۔ آئندہ ماہ امریکا نے ایرانی تیل اور گیس کی صنعت پر نئی اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی اور امریکی پابندیوں کی وجہ سے ایران اس وقت بدترین معاشی بحران سے گذر رہا ہے۔ گذشتہ کئی ماہ سے ایرانی عوام بدترین معاشی حالات سے تنگ آ کر سڑکوں پر حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

بدھ کو ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ایک بیان میں الزام عاید کیا کہ امریکا نے ان بنکوں پر پابندیاں عاید کی ہیں جو ادویہ اور خوراک کی فراہمی میں مدد کر رہے ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

ولی عہد بن سلمان کو ہٹانے کیلئے شاہ سلمان پر شہزادوں کا دباؤ

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب کی شاہی خاندان کے افراد کی جانب سے صحافی جمال خاشقجی ...