پیر , 19 نومبر 2018

سعودی سرمایہ کاری کانفرنس: امریکا کا شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے معاملے پر سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیفن میوچن نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ میں سعودی عرب میں آئندہ ہفتے ہونے والی کانفرنس میں شرکت نہیں کروں گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق آئی ایم ایف چیف اور فرانسیسی وزیر بھی سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو اپنے طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے لیکن اس کے بعد لاپتہ ہو گئے۔ ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ سعودی صحافی کو قتل کر دیا گیا ہے جب کہ سعودی حکام اس سے مسلسل انکاری ہیں۔

سعودی صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے سعودی حکومت پر شدید دباؤ ہے اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی کہا تھا کہ اگر سعودی عرب اس واقعے میں ملوث نہیں تو صحافی کی قونصل خانے سے باہر نکلنے کی ویڈیو جاری کی جائے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر سعودی عرب صحافی کے قتل میں ملوث ہے تو اس کے لیے سزا ناگزیر ہو گی۔ امریکا اور برطانیہ نے اس بات کا عندیہ بھی دیا تھا کہ اگر سعودی عرب نے صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے وضاحت نہ دی تو وہ سعودی عرب میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔

یہ بھی دیکھیں

نوجوان خواتین ہارٹ اٹیک کا زیادہ شکار ہونے لگیں

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)اگرچہ ماضی میں خیال کیا جاتا تھا کہ دل کا امراض عمر رسیدہ ...