بدھ , 21 نومبر 2018

برطانیہ: 50 پاؤنڈ کے کرنسی نوٹ پر مسلمان خاتون کی تصویر چھاپنے کی تجویز

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے مرکزی بینک نے کرنسی نوٹ پر ایک مسلمان خاتون کی تصویر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے مرکزی بینک ’بینک آف انگلینڈ‘ نے کرنسی نوٹ پر پہلی مرتبہ ایک مسلم خاتون کی تصویر جاری کرنے کی تیاری شروع کر دی ہے، 50 پاؤنڈ کے کرنسی نوٹ پر اس وقت برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم کی تصویرموجود ہے۔

نورالنساء عنایت نامی مسلم خاتون نے دوسری جنگ عظیم کے دوران فرانس میں رہتے ہوئے برطانوی افواج کے لیے جاسوسی کے فرائض انجام دیئے تھے اور نور کے شان دار کارنامے کے سبب بینک آف انگلینڈ کی جانب سے شخصیات کے انتخاب میں معاونت پر مامور مؤرخين نے 50 پاؤنڈ کے کرنسی نوٹ پر نور کی تصویر چھاپنے کی تجویز پیش کی۔

یکم جنوری 1914ء کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں پیدا ہونے والی نور النساء کے والدین کا تعلق ہندوستان سے تھا اور ان کے والد عنایت خان 18ویں صدی میں سلطنت خداداد میسور ریاست کے حکمران ٹیپو سلطان کے پڑپوتے تھے۔

نور النساء نے 19 نومبر 1940ء میں خواتین کی ضمنی ایئر فورس WAAF میں کلاس 2 ایئر کرافٹ افسر کے طور پر شمولیت اختیار کی اور برطانیہ کی جانب سے جرمنی کے خلاف کام کرنے والی پہلی خاتون ’’وائرلیس آپریٹر‘‘ بنیں۔

نور کو 13 اکتوبر 1943ء میں پیرس میں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور ایک عسکری کیمپ میں 10 ماہ تک تشدد کا نشانہ بنانے کے باوجود منہ نہ کھولنے پر سر پر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا گیا، اس وقت نور کی عمر صرف 29 برس تھی۔

نور النساء برطانیہ میں Nora Baker کے نام سے مشہور ہیں، انہیں 1949ء میں برطانیہ کے سب سے بڑے شہری اعزاز ’جارج کراس‘ سے نوازا گیا۔ نور پہلی مسلم اور ایشیائی خاتون ہیں جن کا تانبے سے بنا مجسمہ لندن کے گورڈن اسکوائر گارڈن میں لگایا گیا ہے۔ فرانس کی جانب سے بھی انہیں سب سے اعلیٰ شہری اعزاز ’كروكس ڈی گیری‘ سے نوازا جا چکا ہے۔

یہ بھی دیکھیں

رواں سال اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 908 فلسطینی بچے زیر حراست

مقبوضہ بیت المقدس (مانیٹرنگ ڈیسک)قابض اسرائیلی فوج نے سنہ 2018ء کے شروع سے اب تک ...