بدھ , 21 نومبر 2018

تائیوان: برق رفتار ٹرین خوف ناک حادثے کا شکار,17 ہلاک اور 137 زخمی

تائی پے (مانیٹرنگ ڈیسک) تائیوان میں مسافر بردار ٹرین پٹڑی سے اترنے کے باعث 17 مسافر ہلاک اور 137 زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق تائیوان کی کاؤنٹی یلان میں برق رفتار ٹرین خوف ناک حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 17 مسافر ہلاک اور 137 زخمی ہو گئے، ٹرین میں 366 مسافر سوار تھے۔

ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا جہاں کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فائر بریگیڈ کے عملے اور تائیوان آرمی کے 120 سپاہیوں پر مشتمل فوجی دستے نے ٹرین کے اندر بری طرح پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنے کے لیے ٹرین کے بعض حصوں کو کاٹا اور مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کی وجہ کا تاحال تعین نہیں کیا جا سکا تاہم عینی شاہدین نے ٹرین حادثے سے قبل زوردار آواز سنی تھی جس کے ساتھ ہی دھواں بھی پھیل گیا تھا۔

تائیوان حکومت کی جانب سے ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو 10 دن کے اندر اپنی رپورٹ جمع کرائے گی، اگر غفلت پائی گئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی دیکھیں

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ویزوں کے خاتمے کا جزوی معاہدہ

کوالالمپور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ملائیشیا میں ویزوں کے خاتمے کا جزوی معاہدہ،مشترکہ اعلامیہ جاری ہو ...