جمعرات , 15 نومبر 2018

پیغمبر اسلام ؐ کی شب رحلت اور نواسہ رسولۖ کی شب شہادت کا غم

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور ایران سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں رسول خدا (ص) کی شب رحلت اور سبط اکبر حضرت امام حسن مجتبی (‏‏ع) کی شب شہادت کا غم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ و آلہ وسلم کی رحلت جانگداز اور امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر اسلامی ممالک کے چھوٹے بڑے شہروں میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہےخاص طور پرایران کی مساجد و امام بارگاہوں اور مقامات مقدسہ میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔

حضرت رسولۖ و نواسہ رسول (ع) کی رحلت و شہادت کے موقع پر مجالس عزا کا سب سے بڑا اجتماع مشہد المقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا میں منعقد کیا جا رہا ہے جہاں ایران اور دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد موجود ہے اور روضہ رضوی کے تمام صحن اور راہداریاں عقیدت مندوں اور سوگواروں سے مملو ہیں۔ ارد گرد کی تمام شاہراہوں پر لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں اور آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ.. دے رے ہیں

قم المقدس میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں ملکی اورغیر ملکی زائرین جمع ہیں اور مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے – قم القدسہ کے بعض علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جو بارگاہ حضرت معصومہ (س) پہنچ کر اختتام پذیر ہورہے ہیں-

دارالحکومت تہران میں حضرت عبدالعظیم حسنی اور امامزادہ صالح علیہ السلام کا روضہ بھی زائرین سے بھرا ہوا ہے اور علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت اطہار علیھم السلام بیان کر رہے ہیں۔تہران کی تمام مساجد و امامبارگاہوں اور امام زادوں کے روضوں میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار، رسول اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کرکے اشک غم بہا رہے ہیں۔

شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے اور شہر اوراس کے اطراف سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دے رہی ہے۔

منگل کی شام سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ انتیس صفر المظفر یعنی آسمان امامت و ولایت کے آٹھویں درخشاں ستارے حضرت امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔ عراق، شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کےدیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کی شب شہادت کی مناسبت سے مجالس غم اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے جارہے ہیں ۔

یہ بھی دیکھیں

ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے پر کاربند رہنے کا اعلان ،یورپی یونین

برسلز (مانیٹرنگ ڈیسک)یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے ایک بار پھر ...