جمعرات , 15 نومبر 2018

جی میل کے اس خفیہ فیچر کے بارے میں جانتے ہیں؟

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)اگر آپ کا ای میل ایڈریس dawn.news@dawn.com ہو اور آپ dawnnews@dawn.com کو ای میل کریں تو آپ کا میسج باؤنس ہوکر واپس آجائے گا کیونکہ اس نام کا کوئی اکاؤنٹ نہیں۔

تاہم اگر آپ گوگل کی میل سروس جی میل استعمال کرتے ہیں تو یہ ڈاٹ اس میں کوئی معنی نہیں رکھتا۔جی ہاں گوگل نے جی میل کو دیگر ای میل سروسز سے مختلف رکھنے کے لیے یا نمایاں کرنے کے لیے اس کے آغاز سے ہی کچھ الگ کام کیا تھا۔اس کے لیے جی میل میں صارفین کے ای میل ایڈریسز میں موجود ڈاٹس کو نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

گوگل کے ہیلپ فورم میں بتایا گیا ہے کہ اگر آپ کا ای میل ایڈریس hom.er.j.sim.ps.on@gmail.com تو ضروری نہیں کہ دوست یا واقف کار اس میں موجود تمام ڈاٹس ڈالیں بلکہ homerjsimpson@gmail.com ڈال کر بھی ای میل کی جاسکتی ہے۔

درحقیقت آپ کا ایڈریس john.smith@gmail.com ہو تو jo.hn.sm.ith@gmail.com اور j.o.h.n.s.m.i.t.h@gmail.com بھی آپ کا ہی ایڈریس ہوگا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فیچر جی میل میں نیا نہیں بلکہ برسوں سے موجود ہے مگر لاتعداد افراد کو اس کا علم ہی نہیں۔یہی وجہ ہے کہ جی میل استعمال کرنے والے افراد اپنے دوستوں یا دیگر افراد کو جی میل ایڈریس بتاتے ہوئے اس میں ڈاٹ کا ذکر لازمی طور پر کرتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں ایسا نہ کرنے پر ای میل کہیں اور نہ پہنچ جائے۔

اس طرح کی سہولت فیس بک میں ہی موجود ہے اور یہ سروس میں ڈاٹ کی پروا بھی نہیں کرتی تاہم دیگر کمپنیوں کی سروسز جیسے مائیکروسافٹ، یاہو میل، ایپل آئی کلاؤڈ میں یہ ڈاٹ بہت اہمیت رکھتا ہے۔یعنی ان سروسز میں اگر آپ نے ای میل ایڈریس میں ڈاٹ نہ ڈالا تو ای میل جا نہیں سکے گی تاہم جی میل میں ایسا کوئی مسئلہ نہیں۔

اسپام میلز پر قابو پانے میں بھی مددگار
اگرچہ ڈاٹ یا اس کے بغیر یوزرنیم کا استعمال کافی دلچسپ ہوتا ہے مگر یہ ان باکس کو فلٹر کے لیے بھی کارآمد ثابت ہوسکتا ہے۔کیونکہ یہ ڈاٹس صارف کو الٹرنیٹ ای میل ایڈریسز کی سہولت فراہم کرسکتے ہیں یعنی بغیر ڈاٹ اور ڈاٹ والے ایڈریس کو صارفین اسپام فولڈر کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔

مثال کے طور پر اگر کسی کا ای میل ایڈریس john.smith@gmail.com ہے تو یہ اس کا مین ای میل ایڈریس کے طور پر کام کرسکتا ہے تاہم کسی اجنبی کو وہ صارف john.smit.h@gmail.com دے سکتے ہیں۔

پھر اپنے جی میل اکاؤنٹ میں john.smith@gmail.com کے لیے ایک فولڈر بنا کر اس کی تمام میلز اس میں بھیج سکتے ہیں جبکہ اپنے ڈاٹ یا بغیر ڈاٹ والے ایڈریس کو کسی ویب سائٹ پر سیکنڈ اکاؤنٹ کے طور پر استعمال کرکے سائن اپ ہوسکتے ہیں، یعنی کسی نئے ای میل ایڈریس کو بنانے یا استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اور ہاں جی میل میں آپ اگر اپنے ای میل ایڈریس میں + کا اضافہ کرلیں جیسے dawn+news@gmail.com تو آپ اسے غیرضروری ای میلز کو فلٹر کرنے کے لیے متبادل کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں، اس کے لیے آپ کسی مارکیٹنگ ویب سائٹ پر اپنا ای میل ایڈریس دیتے ہوئے یہ تبدیلی کریںتو یہ متبادل ای میل ایڈریس کا کام کرے گا اور ہاں اس کی ای میلز آپ کے اکاؤنٹ پر ہی موصول ہوگی اور آپ کو اندازہ ہوگا کہ کمپنیاں کس طرح آپ کے ای میل اکاؤنٹ کا ڈیٹا آگے بھیجتی ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

امریکی خاتون پاکستانی لڑکے کی محبت میں سیالکوٹ پہنچ گئی

سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا کی وجہ سے جہاں دنیا بھر میں ہزاروں میل دور بسنے ...