منگل , 11 دسمبر 2018

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تیسرا ون ڈے بے نتیجہ ختم، سیریز برابر

دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرا ون ڈے بارش کے باعث ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا جس کے بعد تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔دبئی میں کھیلا گیا میچ بارش کی نذر ہوگیا، پاکستان کے 280 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ بارش کے باعث اپنی اننگز مکمل نہ کرسکی، موسلا دھار بارش کے باعث جب میچ روکا گیا تب کیوی ٹیم نے چھ عشاریہ پانچ اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35 رنز بنائے تھے، ووکر 18 اور نکولس 12 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ اوپنر کولن منرو بغیر رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

قبل ازیں پاکستانی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا توپاکستان کی جانب سے فخرزمان اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 64 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم محمد حفیظ صرف 19 رنز ہی بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ فخر زمان نے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔

تیسری وکٹ پر حارث سہیل نے بابر اعظم کے ہمراہ 104 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کرکے مجموعے کو 206 تک پہنچایا، حارث سہیل 60 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شعیب ملک نے 18 رنز کی باری کھیلی۔

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 92 رنز بنائے تاہم وہ سنچری مکمل نہ کرسکے اور آخری اوورز میں چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے، آصف علی نے 9، فہیم اشرف نے 5، حسن علی نے 2 رنز بنائے، کپتان سرفراز احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ہینری، بولٹ اور گرینڈ ہومے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی دیکھیں

ویمنز ٹی ٹوئٹنی ورلڈکپ کا تاج آسٹریلیا کے سرپر سج گیا

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے انگلیںڈ کو شکست ...