منگل , 11 دسمبر 2018

وفاقی کابینہ نے 100 روزہ پلان پرعمل درآمد رپورٹ کی منظوری دے دی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے 100 روزہ پلان پرعمل درآمد رپورٹ کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران حکومت کے 100 روزہ پلان پر وزارتوں اور وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور کابینہ میں 8 نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا جب کہ کابینہ نے گلگت بلتستان میں اصلاحات کا معاملے پر بھی غور کیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ملک کی امن وامان اور معاشی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، کابینہ نےپاک افغان سرحد پر باڑ اور لائٹنگ کے توسیعی مرحلے کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ وزارت تجارت کی نئے نیشنل ٹیرف پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے ریڈیو پاکستان کے لیے تکنیکی ضمنی گرانٹ جاری کرنے، وی سی شہید ذوالفقارعلی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے تقرر کیلئے قائم سرچ کمیٹی کی تنظیم نو اور مختلف اداروں میں ممبرز اور ڈائریکٹر ز کی تعیناتی اور ای سی سی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں وزیراعظم نے کابینہ ارکان کو دیے گئے اہداف سے متعلق رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر ارباب شہزاد نے وفاقی کابینہ کو 100 روزہ پلان کے اہداف کے حصول پر بریفنگ دی جس پر کابینہ نے 100 روزہ پلان پرعمل درآمد رپورٹ کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کی سمری سمیت اصلاحاتی پیکیج پر غور وزیر قانون کی عدم موجودگی کے باعث مؤخر کردیا گیا۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی متعلقہ وزارتوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت اور عبوری صوبہ بنانے کی سمری آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔

یہ بھی دیکھیں

ہم وفاقی حکومت سے بالکل خوش نہیں، سپریم کورٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کے جج جسٹس عظمت سعید نے کہا ہے کہ ہم ...