بدھ , 16 جنوری 2019

ترکی خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لئے اقوام متحدہ جائے گا

انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا ہےکہ ترکی اور دیگر ممالک سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے لیے اقوامِ متحدہ (یو این) سے رجوع کریں گے۔

اطلاعات کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے یہ بات تیونس کے دورے کے موقع پر اپنے تیونسی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔چاوش اوغلو نے سعودی عرب سے بھی مطالبہ کیا کہ صحافی کے قتل کے حوالے سے کی گئی اپنی تحقیقات سے بین الاقوامی برادری کو بھی آگاہ کرے۔ واضح رہے کہ اکتوبر میں جمال خاشقجی کے قتل کے ایک ہفتے بعد انسانی حقوق کی 4 مایہ ناز تنظیموں، ہیومن رائٹس واچ، ایمنسٹی انٹرنیشنل، کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس اور رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے ترکی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان کی گمشدگی کی تحقیقات کے لیے اقوامِ متحدہ سے رابطہ کرے۔

اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشعل بیچلیٹ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی چناچہ اب وقت ہے کہ اقوامِ متحدہ اس کی تفتیش کرے۔

ادھر اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ درخواست موصول ہونے کی صورت میں خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کرائیں گے۔ با وثوق ذرائع اور ترک حکام کی تحقیقات کے مطابق خاشقجی کو سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کے براہ راست حکم پر بہیمانہ طور پر قتل کیا گیا اور سعودی عرب کے ولیعہد بن سلمان ، سعودی صحافی خآشقجی کے قتل میں براہ راست ملوث ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

فضائی آلودگی صحت کیلئے سب سے بڑا ماحولیاتی خطرہ قرار

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) فضائی آلودگی کو صحت کیلئے دنیا کا سب سے بڑا ماحولیاتی خطرہ قرار ...