ہفتہ , 20 اپریل 2024

ایران: ادارہ حج و زیارت ایران کے سربراہ حجت الاسلام قاضی عسکر سے امت واحدہ پاکستان کے وفد کی ملاقات

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ادارہ حج و زیارت ایران کے سربراہ نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام قاضی عسکرسے امت واحدہ پاکستان کے وفد کی آج ایران میں ملاقات ہوئی ہے جس میں مختلف موضوعات زیر بحث آئے، وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے حجت الاسلام قاضی عسکر نے کہا کہ امت اسلامیہ کو نشاط ثانیہ کے لئے اصولوں اور مشترکات کی بنیاد پر دوبارہ امت بننے کی ضرورت آج ہر دور سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حج کے اجتماع کو اسلامی طاقت کا مظہر بننا چاہیے اور امت مسلمہ کے تمام مسائل کا حل حج کے موقع پر عالم اسلام کے اکابر کی موجودگی میں تلاش کرنا ہوگا، نہ کہ ہمارے مسائل اقوام متحدہ میں موجود یہود و نصاری حل کریں جو خود فساد کی اصل وجہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اللہ کے گھر میں احرام کی حالت میں کیوں نہ مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے متحد اور اکٹھے ہوں ۔

ملاقات میں وفد کی نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام قاضی عسکر سےایران میں مذہبی منافرت کی حوصلہ شکنی اور اس کے لیے قانون سازی، حج و عمرہ کے نظام کے مختلف پہلوؤں پر اور انقلاب کے بعد ایران میں آنے والی تبدیلیوں اور ملک کی ترقی کے اسباب اور وجوہات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

واضح رہے کہ سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی کی قیادت میں ایک اعلی سطح کا وفد ایران کے مطالعاتی دورے میں مصروف ہے۔ اس وفد میں مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور چیئر مین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز صاحب بھی شامل ہیں۔

یہ بھی دیکھیں

اسرائیل دنیا کی ہمدردیاں کھو چکا ہے: امریکی عہدیدار

واشنگٹن:امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مارک وارنر نے کہا کہ یہ …